• عقائد و ایمانیات >> بدعات و رسوم

    سوال نمبر: 149158

    عنوان: کیا دولہن عروسی لباس اور مکمل زینت میں لمبا گھونگھٹ نکال کر اسٹیج پر بیٹھ سکتی ہے ؟

    سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے اکرام شرعی پردہ کرنے والی خواتین کے مسائل میں۔ آج کل شادی بیا ہ کی تقریبات میں بے حیائی اور اللہ کو ناراض کرنے والے کام کیے جارہے ہیں۔ تصویر سازی ، مکمل یا نیم مخلوط نشست اور بے پردگی، گانا بجا نا اور مختلف رسومات وغیرہ۔ ان حالات میں شرعی پردہ کرنے والی دلہنیں شدید متاثر ہیں کیونکہ ماحول ایسا ہے کہ اسٹیج پر دولہا اور دولہن دونوں کا موجود ہونا لازمی ہے ۔تصویر سازی کی حرمت و مذمت لوگوں کے دلوں سے ختم ہو گئی ہے ۔ (۱) اس ساری صورتحال میں کیا دولہن عروسی لباس اور مکمل زینت میں لمبا گھونگھٹ نکال کر اسٹیج پر بیٹھ سکتی ہے ؟ یہ بھی علم میں ہے کہ عروسی جوڑا بھی زینت میں شامل ہے تو کیا اس جوڑے کے اوپر چادر بھی پہننی ہے ؟ اگر کوئی منع کرنے کے باوجود دلہن کے ساتھ تصویر بنوائے تو کیا دلہن کو بھی گناہ ہوگا جبکہ دلہن گھونگھٹ میں ہے ۔ (۲) کیا دلہن اپنے شوہر کے لیے نقلی پلکیں لگا سکتی ہے اس نیت سے کہ اس کا سنگھار صرف اس کا شوہر اور محرم ہی دیکھیں گے ۔ (۳) نیز گھونگھٹ کو ڈھلکنے سے بچانے کے لئے بالوں کا جوڑا بنا سکتی ہے ؟ یہ بھی علم میں ہے کہ بالوں کا جوڑا بنانا گنا ہ ہے ۔

    جواب نمبر: 149158

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 506-464/sd=6/1438

    (۱) عروسی لباس اور مکمل زینت کے ساتھ اسٹیج پر بیٹھنے کی تو گنجائش ہے، ؛ لیکن تصویرسازی اور غیر محرم کے ساتھ اختلاط گناہ کبیرہ ہے، اس سلسلے میں شرعا کسی کی رعایت کی گنجائش نہیں ہے ، بس صورت مسئولہ میں دلہن کو تصویر اور غیر محرم کے ساتھ اختلاط سے صاف انکار کر دینا چاہیے، ورنہ وہ بھی گنگار ہوگی۔ شادی میں سادگی ملحوظ رکھنی چاہیے ، زیب و زینت کی ایک حد تک تو اجازت ہے؛ لیکن حد سے تجاوز کرنا ، اپنی حیثیت سے زیادہ کا التزام کرنا، اسراف اور فضول خرچی سے کام لینا، شریعت کی رو سے ناجائز ہے، آج کل شادیوں میں عموما ہر چیز میں حد سے تجاوز کیا جاتا ہے، اسراف اور فضول خرچی جب تک نہ ہو، شادی مکمل نہیں سمجھی جاتی، حالانکہ حدیث میں ہے کہ سب سے زیادہ برکت والا نکاح وہ ہے، جس میں کم سے کم خرچ ہو ۔

    (۲) عورت کے لیے نقلی پلکیں لگوانا کسی بھی نیت سے جائز نہیں ہے۔

    (۳) جی بنا سکتی ہے۔

    نوٹ: دلہن کا ایسے طور پر بیٹھنا کہ نیم مخلوط انداز نشست ہونے کی وجہ سے دلہن پر غیرمحرم لوگوں کی نظر یں پڑیں خواہ نظریں دزدیدہ ہی کیوں نہ ہوں جائز نہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند