• معاملات >> وراثت ووصیت

    سوال نمبر: 64837

    عنوان: آپ دونوں بہنوں کے لیے اپنے معذور بھائی کی جائداد تقسیم کر کے لینا شرعا جائز نہیں ہے، خواہ آپ دونوں بہنیں بھائی کی ذمہ داری لے لیں

    سوال: کچھ سال پہلے میرے والد کا انتقال ہوگیا، والدہ شریعت کے مطابق اپنی اور والد صاحب کی جائداد کو تقسیم کرنا چاہتی ہیں،ہم دو بہنیں اور ایک بھائی ہیں،میرے بھائی ذہنی طورپر معذور ہیں، وہ خود سے کوئی کام نہیں کرسکتے ہیں، میری والدہ کہتی ہیں کہ اگر ہم دونوں بہنیں اپنے بھائی مالی اور دیگر تمام چیزوں کی ذمہ داری لے لیں توہم اس کی جائداد لے سکتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا ہم دونوں بہنیں بھائی کی جائداد کو تقسیم کرکے لے سکتے ہیں اگر ہم اپنے بھائی کی ذمہ داری لے لیں؟

    جواب نمبر: 64837

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 718-788/Sd=9/1437

     

    صورت مسئولہ میں آپ دونوں بہنوں کے لیے اپنے معذور بھائی کی جائداد تقسیم کر کے لینا شرعا جائز نہیں ہے، خواہ آپ دونوں بہنیں بھائی کی ذمہ داری لے لیں، بھائی کی مالی اور دیگر چیزوں کی ذمہ داری لینا صلہ رحمی کے قبیل سے ہے، اس کی وجہ سے اُس کے شرعی حصہ کو لینا جائز نہیں ہوگا؛ بلکہ معذور بھائی کے شرعی حصہ کو محفوظ رکھا جائے گا، مرحوم باپ کے وصی یادادا یا خاندان کے بڑے جس کو امین مقرر کر دیں، بالترتیب شرعا اسی کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ معذور بھائی کے شرعی حصہ کی نگرانی کرے اور اس کے حصے میں سے اس کی ضروریات میں خرچ کرے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند