• معاملات >> وراثت ووصیت

    سوال نمبر: 169374

    عنوان: کسی بچے کے ماں باپ دونوں فوت ہوجائیں تو كیا اس بچے کو دادا دادی یا نانا نانی سے حصہ ملے گا؟

    سوال: میرا سوال یہ ہے کہ کسی بچے کے ماں باپ دونوں فوت ہوجائیں تو اس بچے کو دادا دادی یا نانا نانی سے حصہ ملے گا؟

    جواب نمبر: 169374

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 759-728/L=08/1440

    اگر دادا ، دادی کی وفات اس بچے کے والد کی وفات سے پہلے ہوئی ہے تو ان کے ترکہ میں اس بچے کے والد کا حصہ ہوگا اور والد کے واسطے سے اس بچہ کا حصہ ہوگا اور اگر دادا، دادی کی وفات اس بچے کے والد کی وفات کے بعد ہوئی ہے تو اگر دادا، دادی کی وفات کے وقت دادا، دادی کی کوئی مذکر اولاد تھی تو یہ بچہ (پوتا) محروم ہو جائے گا اور اگر کوئی مذکر اولاد نہیں ہے تو یہ پوتا بھی وارث ہوگا۔ اور نانا ، نانی کے ترکہ کا مسئلہ یہ ہے کہ اگر نانا، نانی کی وفات اس بچے کی والدہ کی وفات سے پہلے ہوئی ہے تو بچے کی والدہ کو اپنے والدین مرحومین کے ترکہ سے حصہ ملے گا اور پھر والدہ کے واسطے سے یہ بچہ حصہ پانے کا حقدار ہوگا؛ البتہ اگر نانا، نانی کی وفات سے پہلے اس بچہ کی والدہ کی وفات ہوگئی ہے تو دیگر ورثاء ذوی الفروض و عصبات کی موجودگی میں یہ بچہ براہِ راست اپنے نانا، نانی کے ترکہ سے حصہ پانے کا حقدار نہ ہوگا۔

    نوٹ: بہتر ہے کہ دادا، دادی اور نانا، نانی میں سے ہر ایک کی وفات کے وقت جتنے ورثاء موجود ہیں ان کی تفصیل لکھ کر حکم شرعی دریافت کر لیا جائے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند