• معاملات >> وراثت ووصیت

    سوال نمبر: 166473

    عنوان: اگر زندگی میں جائیداد تقسیم کی جائے تو کیا اس میں اپنا اور بیوی کا حصہ بھی لگاسکتے ہیں؟

    سوال: میں چاہتاہوں کہ میں اپنی جائیداد اپنے ورثہ کے درمیان تقسیم کردوں، کیا اس جائیداد میں میرا اور میری بیوی کا کوئی حصہ بھی بنتاہے؟ میرے تین بیٹے اور تین بیٹیاں ہیں، سب کی شادی ہوچکی ہے، نیز میرے پوتے بھی ہیں، براہ کرم، مشورہ دیں۔ شکریہ

    جواب نمبر: 166473

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 267-209/H=2/1440

    جب تک آپ حیات ہیں آپ اپنی جائیداد و دیگر املاک کے مالک و مختار ہیں بیع ، ہبہ ، وقف وغیرہ جو چاہیں کرسکتے ہیں اگر اولاد کے درمیان تقسیم کرنا چاہیں اِس کا بھی شرعاً آپ کو حق ہے اور بہتر صورت اِس کی یہ ہے کہ جس قدر جائیداد وغیرہ اپنے اور اہلیہ کے لئے مختص رکھنا چاہیں اُس کو اپنے حق میں مختص کرلیں اور بقیہ جائیداد وغیرہ میں پوتوں کو کچھ دینا مصلحت سمجھیں تو اُن کو بھی دیدیں اور اس کے بعد جو بچے اُس کے برابر برابر حصے کرکے ایک ایک حصہ چھ اولاد (بیٹے بیٹیوں) کو دیدیں اگر اولاد کو دینے میں بجائے چھ حصے کو نو حصے کردیں اور دو دو حصے تینوں بیٹوں کو دیدیں اور ایک ایک حصہ تینوں بیٹیوں کو دیدیں تو اس کا بھی آپ کو اختیار ہے البتہ جو کچھ تصرف دینے میں کریں اچھا یہ ہے کہ تمام اولاد اور اہلیہ سے مشورہ کرکے اور سب کو اعتماد میں لے کر کریں تاکہ کسی کو شکوہ شکایت نہ ہو۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند