معاملات - وراثت ووصیت

Pakistan

سوال # 157058

تقسیم ہند کے وقت پاکستان جانے والوں کی ہندوستان میں جو زمینات تھیں ، ان کے عوض انھیں پاکستان میں جو زمینیں ملیں، ان میں وراثت جاری ہوگی یا نہیں؟
ہمارے پردادا کی زمین انڈیا میں تھی جب تقسیم ہند ہوئی تو ہمارے پردادا اپنے تین بیٹوں اور دو بیٹیوں کے ساتھ پاکستان ہجرت کے لئے روانہ ہوئے لیکن پہنچنے سے پہلے راستے میں ہی پردادا کا انتقال ہو گیا ، انہوں نے بھارت میں بہت ساری زمین چھوڑی ، پاکستان حکومت نے ان لوگوں کو زمینیں الاٹ کیں جو انڈیا میں زمین چھوڑ کر آئے تھے اور پاکستان آکر زمین کا مطالبہ کیا ،ہمارے پردادا تو راستے میں فوت ہو گئے تھے ، اس لئے پردادا کے ایک بیٹے نے کوشش کی اور پاکستان میں کچھ زمین حاصل کر لی اور اسے بھائیوں میں تقسیم کر دیا لیکن بہنوں کو کچھ نہ دیا ۔ کیا ان پر لازم تھا کہ بہنوں کو حصہ دیتے ؟ کیوں کہ دادا کی اصل زمین تو انڈیا میں رہ گئی تھی یہ زمین تو ان کی اپنی کوشش سے حاصل ہوئی تھی۔

Published on: Dec 27, 2017

جواب # 157058

بسم الله الرحمن الرحيم


Fatwa:346-296/N=4/1439



آپ کے پردادا کے کسی بیٹے کی محنت وکوشش اور اس کی دوڑ ودھوپ سے پاکستان میں منجانب حکومت جو زمین دی گئی، وہ در اصل اس زمین کا عوض ہے جو آپ کے پردادا ہندوستان میں چھوڑکر گئے تھے ؛ اسی لیے وہ زمین آپ کے پردادا کے اس بیٹے نے صرف خود نہیں رکھی؛ بلکہ اور بھائیوں کو بھی دی، نیز وہ زمین پردادا کی اس زمین کے نام پر ہی حاصل کی گئی ہے جو وہ ہندوستان میں چھوڑگئے تھے؛ اس لیے ہندوستان میں آپ کے پردادا کی جو زمین تھی، اس کے عوض ان کے بیٹے اور بیٹیوں کومنجانب حکومت پاکستان جو زمین دی گئی، اس میں شرعاً وراثت جاری ہوگی اور اس میں آپ کے پردادا کے بیٹوں کی طرح ان کی بیٹیوں کا بھی شرعاً حق وحصہ ہوگا۔



واللہ تعالیٰ اعلم


دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند

اس موضوع سے متعلق دیگر سوالات