• متفرقات >> تاریخ و سوانح

    سوال نمبر: 60765

    عنوان: تاریخ و سوانح

    سوال: محترم جناب، چند کتابوں کے بارے میں میری رہنمائی کریں۔ تاریخ؛تاریخ کی پرانی کتابوں(جیسا کہ ابن الھشام،ابن سعد، علامہ واقدی،تاریخ طبری وغیرہ وغیرہ) میں سے تین مستند ترین اور مکمل کتابوں کے نام بتائیں اور جس کا اردو میں ترجمہ کیا گیا ہوں وہ تو ضرور بتائیں۔ میں نے تاریخ طبری( اردو) کا تھوڑا مطالعہ کیا ہے ، لیکن ایک مفتی صاحب نے کہا کہ اہلسنت و الجماعت کی نظر میں یہ مستند نہیں اس میں بڑی بڑی غلطیاں ہیں۔ اسلامی فتوحات؛سرورکائنات سے لے کر خلفائراشدین تک جتنے بھی غزاوات اور معرکے ہوچکے ہیں اس پر لکھی گئی مستند،اور مفصل کتابوں کے نام بتائیں۔میں نے فتوخ شام(علامہ واقدی اردو) کامطالعہ کیا ہے ، لیکن وہ مکمل نہیں اس میں خلفائراشدین کے ادوار کے واقعات نہیں ہیں۔فتوح الشام اہلسنت کی نظر میں مستند ہے کہ نہیں۔ سیرت؛سیرت کی پرانی کتابوں میں سے مستند اور مفصل کتابوں کے نام بتائیں۔سیرت کی کتابوں میں موجودہ زمانے کے بہترین کتابوں کے نام بھی بتائیں۔ میرے اور باقی مسلمانوں کی رہنمائی کریں اللہ تعالی آپ کو اجر عظیم عطائفرمائے ۔

    جواب نمبر: 60765

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1073-927/D=11/1436-U تاریخ اسلام میں: (۱) تاریخ الخلفا،علامہ جلال الدین سیوطی(۲) تاریخ اسلام، مولانا اکبر شاہ نجیب آبادی(۳) وفاء الوفاء بأخبار دار المصطفیٰ، ابو المحاسن سید عبداللہ الحسینی(۴) خلافتِ راشدہ، مولانا ادریس صاحب کاندھلوی سیرت میں: (۱) در منثور، (۲) زرقانی (۳) رحمة للعالمین ، قاضی سلیمان منصورپوری (۴) اصح ا لسیر (۵) تاریخ حبیب الٰہ (۶) سیرة المصطفیٰ، مولانا ادریس صاحب کاندھلوی۔ آپ مذکورہ کتابوں میں سے جو مل جائے اس کا مطالعہ کریں۔ باقی کسی کتاب کا مستند ترجمہ ہوا ہے اور کس کا نہیں؟ یہ ہمارے علم میں نہیں ہے۔ دارالافتاء سے فقہی مسائل سے متعلق جوابات بتلائے جاتے ہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند