• متفرقات >> تاریخ و سوانح

    سوال نمبر: 43865

    عنوان: دیوبند کی تاریخ کیا ھے؟

    سوال: میں شمس الحق کراچی سے دیوبندی ھوں، آپ سے پوچھنا ہے کہ دیوبند کی تاریخ کیا ھے؟یہ کب سے ھیں؟اور بریلوی کی تاریخ کیا ھے؟یہ کب سے ھیں؟

    جواب نمبر: 43865

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 166-130/H=3/1434 حضرت اقدس الحاج شاہ ولی اللہ صاحب محدث دہلوی رحمہ اللہ تعالی رحمة واسعہ کے علوم میں حقیقی وارثین حقیقی اہلسنت والجماعت اکابر علمائے کرام اور ان کے سچے متبعین نے دیوبند شہر میں بتاریخ ۱۵/ محرم الحرام ۱۲۸۳ھ میں دارالعلوم دیوبند کی بنیاد رکھی جس کا فیض الحمد للہ پوری دنیا میں پہنچا اور پہنچ رہا ہے، حضراتِ اکابر علمائے دیوبند اور ان کے متبعین اتباعِ سنت نیز بدعات وخرافات سے اجتناب میں مضبوط قدم رکھتے ہیں فالحمد للہ علی ذلک․ دارالعلوم دیوبند سے انتساب کی وجہ سے دیوبندی نسبت سے دنیا میں یہ جماعت موسوم ہوگئی، مختصرا عرض کردیا مزید تفصیل حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب مدظلہ سے کراچی میں رابطہ کرکے حاصل فرمالیں۔ بریلی شہر میں ایک صاحب کی پیدائش ہوئی جن کا نام احمد رضا خان ہے انھوں نے حضراتِ اکابر علمائے دیوبند حقیقی اہل سنت والجماعت اور ان کے سچے متبعین کی کتابوں کی صاف شفاف بے غبار عبارتوں میں دجل وتلبیس مکر وفریب کرکے زبردستی کفر کا حکم لگایا اور خلافِ سنت امور کو اپنا خاص شعارِ مسلکی قرار دیا جو لوگ ان کے پیچھے چلے ان کا مستقل ایک فرقہ بن گیا جو بریلوی فرقہ سے موسوم ہے، عباراتِ اکابر ایک چھوٹی سی کتاب ہے، حضرت مولانا سرفراز صفدر خاں صاحب مدظلہ شیخ الحدیث پاکستان کی تصنیف ہے، اس کو اطمینان سے ملاحظہ فرمالیں، اس کے بعد کوئی بات معلوم کرنے کی ضرورت سمجھیں اور استفتاء بھیج کر معلوم کرلیں تو اس کی اجازت ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند