• متفرقات >> تاریخ و سوانح

    سوال نمبر: 18330

    عنوان:

    الافک کا کیا واقعہ ہے؟

    سوال:

    الافک کا کیا واقعہ ہے؟

    جواب نمبر: 18330

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(ھ): 2563=2060-1/1431

     

    غزوہٴ بنی المصطلق ۵ھ میں ہوا تھا، جس میں ام الموٴمنین حضرت صدیقہ عائشہ رضی اللہ عنہا حضرت رسول اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے ساتھ تھیں، اِس غزوہ سے واپسی میں بعض نالائق منافقین نے ام الموٴمنین حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا پر نعوذ باللہ تہمت زنا لگادی تھی اور اس کا پروپیگنڈہ اس قدر زبردست طریق پر کیا کہ جس سے بعض مخلصین صحابہٴ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین بھی متأثر ہوگئے تھے بلکہ خود حضرتِ سید الاولین والآخرین احمد مجتبیٰ محمد مصطفی صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے قلب اطہرہ پر ناہنجار منافقین کے شدید پروپیگنڈہ کا انتہائی اذیت ناک تأثر تھا، اللہ پاک نے اُس تہمت بے جا کے پردہ کو چاک فرماکر منافقین کو ذلیل ورسوا فرمایا اور ام الموٴمنین حضرت صدیقہ بنت الصدیق رضی اللہ عنہم اجمعین کی براء ت نازل فرمائی جس کی تلاوت کا سلسلہ اہل ایمان کی مساجد مکاتب اور گھروں میں نیز ان کی زبانوں پر تاقیامِ قیامت جاری رہے گا، بخاری شریف ودیگر کتب ِ حدیث میں اس کو مفصل ذکر فرمایا گیا ہے، حضرت اقدس الحاج مولانا محمد ادریس صاحب کاندھلوی رحمہ اللہ نے اپنی مشہور کتاب سیرة المصطفیٰ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم میں یہ واقعہ قدرے تفصیل سے ذکر فرمایا ہے جو تقریباً بائیس صفحات میں پھیلا ہوا ہے (از ص:۲۸۷ تا ۳۰۹، جلد دوم) اس کا بغور مطالعہ کریں ،بعد مطالعہ اگر کچھ اشکال رہے تو اس کو لکھیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند