• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 169785

    عنوان: یوٹیوب پر بنا فوٹو والے انیمیشن ویڈیو بنا کر ایڈورٹائزنگ (اشتہارات) ذریعے کمائی۔

    سوال: میرا سوال یہ ہے کہ آج کل یوٹیوب پر ایسے ویڈیوز کے ذریعے کمائی کی جاسکتی ہے جن میں کوئی انیمیشن ہو اور کوئی اطلاعی معلوماتی مضمون ہو یا کسی شخصیت کی معلومات ہو اور اس وجہ سے لوگ آپ کی ویڈیو دیکھنے آئیں اور یوٹیوب ان کو اشتہارات دکھانے لگے اور آپ کو ان لوگوں کے اشتہارات دیکھنے کے بدلے کچھ غیر متعین رقم دے ایک متعین وقفے کے بعد ۔شرعی اعتبار سے کیسا ہے ؟کیا وہ رقم جائز ہے ؟

    جواب نمبر: 169785

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:878-773/L=8/1440

    فی نفسہ کوئی مضمون اگر یوٹیوب پر ڈالا جائے اور وہ مضمون کسی تصویر ،ویڈیو گرافی یا دیگر کسی محظور شرعی پر مشتمل نہ ہو اس پر اگر یوٹیوب والوں کی طرف سے کچھ رقم ملے تو اس کے لینے میں مضائقہ نہیں؛ البتہ اگر یوٹیوب والے اس پر اپنا اشتہار ڈالیں اورلوگوں کے اس کو دیکھنے کی بناپر آپ کو بھی کچھ رقم دیں تو اس میں قوی امکان ہے کہ وہ اشتہارات ذی روح کی تصاویر پر مشتمل ہوں اسی طرح اس کا بھی امکان ہے کہ وہ ناجائز کمپنیوں کے ہوں ایسی صورت میں ایک قسم کا تعاون علی الاثم (معصیت پر تعاون )ہوگا ؛لہذا اس پر اجرت لینا کراہت سے خالی نہ ہوگا ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند