• متفرقات >> حلال و حرام

    سوال نمبر: 160013

    عنوان: تصویر اور ویڈیو سے متعلق چند اہم سوالات

    سوال: فوٹو اِسٹوڈیو اور ویڈیو شوٹنگ شادی پارٹی وغیرہ میں اور ویڈیو مکسنگ (مخلوط مردو زن ویڈیو) دکان میں کرنا کیسا ہے؟ پاسپورٹ فوٹو کا کھینچنا اور بنانا کیسا ہے؟ شادی پارٹی میں فوٹوگرافی اور ویڈیو شوٹنگ کا کام کرنا کیسا ہے؟ دکان میں ویڈیو مکسنگ شادی پارٹی کی کرنا کیسا ہے؟ دکان میں اور بھی کام ہیں جیسے فوٹوکاپی ، پین کارڈ، لمینیشن اور پین کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس، آدھار کارڈ وغیرہ میں ڈپلیکیٹ (نقل) بنانا۔

    جواب نمبر: 160013

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:752-694/N=8/1439

    (۱): پاسپورٹ، ووٹر آئی ڈی اور اس طرح کے دیگر قانونی کاغذات کے لیے فوٹو ضرورت ومجبوری کی چیز ہے؛ اس لیے پاسپورٹ وغیرہ کے لیے فوٹو کھینچنا ، کھینچوانا، بنانا اور بنوانا جائز ہے اور اس کی اجرت بھی درست ہے۔

    (۲): شادی پارٹی میں فوٹو گرافی اور ویڈیو شوٹنگ کا کام کرنا ناجائز وحرام ہے، اس پر فوٹو گرافی اور تصویر کشی وتصویر سازی کی تمام وعیدیں فٹ ہوں گی؛ کیوں کہ یہ کسی شرعی ضرورت ومجبوری کے بغیر تصویر کشی وتصویر سازی ہے۔

    (۳): شادی پارٹی کی ویڈیو یا کسی بھی ویڈیو میں مکسنگ کا عمل بھی ناجائز ہے؛ ایک تو اس وجہ سے کہ یہ ویڈیو کے مزید فروغ کا ذریعہ ہوتاہے، دوسرے یہ کہ اس میں کسی درجہ میں دھوکہ دھڑی وغیرہ پائی جاتی ہے۔

    (۴): سرکاری دستاویزات کی فوٹو کاپی یا کسی ایسی کتاب یا کاغذ کی فوٹو کاپی جائز ہے جس میں جان دار کی تصویر نہ ہو، اسی طرح پین کارڈ، ڈرائیورنگ لائسنس اور آدھار کارڈ وغیرہ کی ڈپلیکیٹ (نقل ) کاپیاں بنانا بھی جائز ہے، دکان میں یہ سب کام کیے جاسکتے ہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند