• عبادات >> حج وعمرہ

    سوال نمبر: 175132

    عنوان: حج کی کتنی قسیمیں ہیں ، وضاحت فرمائیں

    سوال: حج کی کتنی قسیمیں ہیں ، وضاحت فرمائیں۔

    جواب نمبر: 175132

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 430-335/B=05/1441

    حج کی تین قسمیں ہیں:

    (۱) حج قِرآن۔ اس میں عمرہ اور حج دونوں کا احرام میقات سے ہی ساتھ باندھا جاتا ہے اور عمرہ اور حج کے تمام مناسک کی ادائیگی کے بعد احرام کھولا جاتا ہے۔ اس میں مشقت زیادہ ہے اس میں بعض دفعہ بہت دنوں تک احرام کی حالت میں رہنا پڑتا ہے اوراحرام کے ممنوعات سے بچنا پڑتا ہے۔ اس پر قربانی بھی واجب ہوگی۔

    (۲) حج تمتع۔ اس میں حاجی میقات سے صرف عمرہ کا احرام باندھ کر جاتا ہے، مکہ پہونچتے ہی پہلے عمرہ کرتا ہے یعنی طواف اور صفا مروہ کی سعی کرتا ہے اس کے بعد بال کٹواکر احرام سے نکل جاتا ہے اور سلے ہوئے کپڑے پہن لیتا ہے پھر ۸/ویں ذی الحجہ کو حدود حرم سے حج کا احرام باندھتا ہے اور حج کے تمام مناسک ادا کرتا ہے پھر دسویں کو قربانی کرکے احرام سے نکلتا ہے۔ اس میں بڑی سہولت ہے۔

    (۳) حج افراد۔ اس میں حاجی میقات سے صرف حج کا احرام باندھتا ہے اور حج کرنے کے بعد احرام سے نکلتا ہے۔ اس کے اوپر قربانی واجب نہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند