• عبادات >> حج وعمرہ

    سوال نمبر: 170594

    عنوان: عورت کے لیے حالت احرام میں چہرہ ڈھاکنا جائز نہیں

    سوال: حضرت، میں نے نے الحمدللہ عمرہ کی سعادت حاصل کی ہے ، میرے کچہ سوالات ہیں، میں شرعی پردہ کرتی ہوں، میں نے سر پہ ٹوپی پہن کر اوپر حجاب کیا، جس سے پردہ ہو گیا تہا ۔پوچھنا یہ ہے کہ کبہی کبہار منہ پر کپڑا لگ جاتا ہے تو اس کا کفارہ کیا ہو گا؟ اور کتنی دیر کپڑا لگا رہے تو دم واجب ہو جاتا ہے ؟ 2. میں جب مدینہ سے مکہ واپس جارہی تہی تو میں نے احرام نہیں باندہا کیونکہ مجہے ماہواری کا دوسرا یا تیسرا دن تہا باقی میری فیملی نے احرام باندہ لیا ،پوچھنا یہ ہے کہ کیا مدینہ سے واپسی پر احرام باندہنا ضروری ہے ؟ کیونکہ بس کا ڈرائیور کہہ رہا تہا کہ جو لوگ اپنے ملک سے عمرہ کرنے آئے ہیں انہیں مدینہ سے مکہ جاتے ہوے احرام باندہنا ہو گا؟ اور مجہے پاک ہونے میں 4 سے 5 دن لگے اتنے دن احرام کی پابندی مشکل ہے کیونکہ میرے شوہر بہی وہاں تہے جن سے میری ملاقات 9 مہینے بعد ہورہی تہی، اور وہ اور میں الگ کمرے میں رہتے تہے ۔ ایسے میں بیوی سے بوس کنار ہو جاتا ہے ۔ 3.کیا اپنے ملک آنے سے پہلے طواف وداع ضروری ہے .؟ مجہے میری نند نے کہا آو طواف وداع کر آئیں. میرے سسر نے کہا کہ یہ طواف وداع کیا چیز ہے تو اس نے کہا کہ لوگ جانے سے پہلے طواف وداع کرتے ہیں تو سسر کہنے لگے کہ یہ لوگوں کی بنائی ہوئی باتیں ہیں . خیر میں ان کے ساتہ حرم گئی میری نیت نہیں تہی کہ میں طواف کروں بلکہ یہ دل چاہ رہا تہا کہ نفل پڑہ لوں لیکن پہر نند کے اصرار پر طواف کر لیا دل میں نیت تہی یا نہیں یہ یاد نہیں لیکن ہم حرم گئے ہی اسی لئے تہے کہ آخری طواف کرکے آئیں کیا ایسا کچہ اسلام میں ہے کہ طواف وداع کرنا چاہیے ؟ 4،صفا مروہ کے چکر کے معاملے میں الجہی ہوئی ہوں ،کیا صفا سے مروہ تک ایک چکر پورا ہوجاتا ہے ، پہر مروہ سے صفا تک دوسرا چکر ہو جاتا ہے ؟ 5.جب کوئی شخص حرم جائے تو طواف کرنا ضروری ہے ؟ یا بس عبادت بہی کرسکتے ہیں؟ 6.ہمارا 8 دن مکہ میں قیام تہا پہر 8 دن مدینہ پہر 5 دن مکہ میں ، اس صورتحال میں 2 فرض پڑہنے ہوں گے یا4 کیونکہ میں اکثر ہوٹل میں نماز پڑھ لیتی تھی۔

    جواب نمبر: 170594

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:787-84T/sd=11/1440

    (۱) عورت کے لیے حالت احرام میں چہرہ ڈھاکنا جائز نہیں ہے ؛ البتہ جہاں تک ممکن ہو پردہ ضروری ہے، لہذا صورت مسئولہ میں اگر آپ نے سر پر ٹوپی پہن کر اس طرح حجاب لٹکالیا تھا جو چہرہ سے ہٹا ہوا تھا، تو حجاب کا یہ طریقہ صحیح تھا اور بغیر قصد و ارادہ کے ہوا وغیرہ کی وجہ سے اگر حجاب کا کپڑا کبھی کبھار چہرے سے مس ہوتارہا اور آپ اس کو چہرے سے الگ رکھنے کی کوشش کرتی رہیں، تو کوئی جرمانہ اور فدیہ واجب نہیں ہوگا۔

    قال القسطلانی : وللمرأة أن ترخی علی وجھہا ثوبا متجافیا عنہ بخشبة أو نحوھا، فان أصاب الثوب وجہہا بلا اختیار فرفعتہ فورا، فلا فدیة والا وجبت مع الاثم۔ ( اوجز المسالک، انوار مناسک، ص:۱۹۱)

    (۲) مدینہ منورہ سے اگر حدود حرم میں دوبارہ داخل ہونے کا ارادہ تھا، تو آپ کے لیے مدینہ سے واپسی پر احرام باندھنا ضروری تھا، لہذا احرام کے بغیر حدود حرم میں داخل ہونے کی وجہ سے ایک دم واجب ہوگیا ؛ البتہ اگر آئندہ میقات سے احرام باندھ کر عمرہ یا حج کرلیا، تو دم ساقط ہوجائے۔

    (۳) عمرہ میں طواف وداع مشروع نہیں ہے۔

    (۴) جی ہاں ! صفا سے چل کر مروہ تک ایک چکر پورا ہوجاتا ہے۔

    (۵) آفاقی شخص اگر حدود حرم میں جانے کا ارادہ کرے، تو اس کے لیے میقات سے حج یا عمرہ کا احرام باندھنا ضروری ہے۔

    (۶) صورت مسئولہ میں آپ پر قصر واجب ہوگی، یعنی چار رکعت والی نمازیں دو رکعت پڑھنی ہوں گی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند