• عبادات >> حج وعمرہ

    سوال نمبر: 164290

    عنوان: حاجی کے لیے منی میں قصر واتمام نیز حج بدل میں تمتع اور قربانی کا حکم

    سوال: کیا فرماتے ہیں علماء دین شرع متین مسئلہ حج بدل میں؟ بکر کا انتقال ہو چکا ہے ۰ زید انکا حج بدل کرنے جا رہا ہے ۰ مسئلہ قربانی اور نماز کا ہے _جنکا شریعت کی روشنی میں حل چاہتا ہے حج تمتع کی نیت ہو گی_ ۱ - میرے جہاز کی روانگی ۴۱ اگست ۸۱۰۲ ء یعنی اس دن انشائاللہ ۲ ذوالحجہ ہوگی اور مکہ مکرمہ پہونچ جانے کی امید ہے _ نماز مسجدالحرام میں پوری پڑھی جائیگی مگر ۸ذوالحجہ سے ۲۱ و۳۱ ذوالحجہ تک منی عرفات مزدلفہ وغیرہ میں نماز قصر پپڑھی جائیگی؟ زید اس وقت مسافر ہوگا مکہ مکرمہ سے منی تک۵۱یوم نہیں ہو رہا ہے ۰ ۲ ۰ذید بکرمرحوم کا پہلے عمرہ اور اس کے بعد حج کریگا، ۰۱ ذوالحجہ کو رمی کے بعد کیا مرحوم بکر کے نام سے قربانی کرنا لازم ہوگی؟ ساتھ ہی کیا زید کو بھی قربانی کرنی ہوگی؟ براہ کرم جواب تفصیل سے عنایت کریں گے تاکہ زید کو تسلی وتشفی ہو جائے ۔

    جواب نمبر: 164290

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 1275-992/SN=1/1440

    (۱) صورت مسئولہ میں زید منیٰ ، عرفات اور مزدلفہ وغیرہ میں قصر کرے گا، اِتمام جائز نہیں؛ کیونکہ منیٰ روانگی سے قبل مکہ مکرمہ میں زید کا قیام پندرہ یوم سے کم ہے جب کہ حاجی کے ”مقیم“ ہونے کے لئے منیٰ جانے سے پہلے مکہ مکرمہ میں پندرہ دن کا قیام ضروری ہے۔ وإذا قدم الکوفی مکة وہو ینوي أن یقیم فیہا وبمنی خمسة عشر یوماً فہو مسافر؛ لأن نیة الإقامة ما یکون فی موضع واحد الخ (مبسوط سرخسی: ۱/۲۳۶، باب صلاة المسافر) ۔

    (۲) حج تمتع کی صورت میں دم تمتع (دم شکر) لازم ہے، یہ قربانی زید (حج بدل کرنے والے) کی طرف سے ہوگی بکر مرحوم کی طرف سے نہیں؛ البتہ یہ بات واضح رہے کہ اگر زید بکر مرحوم کی وصیت کے مطابق ان کے مال سے حج بدل کر رہا ہے تو صورت مسئولہ میں زید کو چاہئے کہ حج افراد (یا حج قران کرے، اکثر علماء کے نزدیک اس صورت میں حج تمتع درست نہیں ہے گو بعض علماء کے نزدیک جائز ہے کیونکہ حج بدل میں اصل یہ ہے کہ حج میقاتی ہو اور تمتع کی صورت میں حج میقاتی نہیں ہوتا، (دیکھیں: غنیة الناسک اور معلم الحجاج وغیرہ)۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند