• عبادات >> حج وعمرہ

    سوال نمبر: 158747

    عنوان: آفاقی عمرہ سے فارغ ہوکر جدہ آکر دوبارہ مکہ جائے تو کیا احرام باندھنا ہوگا؟

    سوال: ہم عمرہ کرکے مدینہ گئے ، مدینہ سے ہندوستاں جانے کے لیے جدہ ایئر پورٹ پہنچے ،وہاں ہمیں اندر نہیں جانے دیا گیا، کیا بات پیش آئی ایجنڈ نے ہمیں نہیں بتایاکئی گھنٹے گزرنے کے بعد وہ ہمیں مکہ مکرمہ لے گیا، وہاں ہم سات دن رہے ، ہم نے طواف کثرت سے کیا، لیکن عمراہ نہیں کیا، وہاں جتنے بھی لوگوں سے معلوم کیا انہوں نے یہی کہا کہ تمہیں عمراہ کرنے کی ضرورت نہیں ،اور نہ ہی تم پر کوئی دم واجب ہے اور اب ہم ہندوستان آگئے ہیں اب شریعت کا ہمارے لئے کیا حکم ہے ؟وضاحت فرمادیں۔

    جواب نمبر: 158747

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 547-480/D=5/1439

    عمرہ کرنا زندگی میں ایک مرتبہ سنت موٴکدہ ہے جب کہ استطاعت وقدرت ہو، یہ عمرہ آپ ادا کرچکے تو ذمہ داری پوری ہوگئی۔

    اب دوبارہ جب جدہ سے مکہ مکرمہ جانا ہوا تو اس وقت عمرہ کرنا آپ پر ضروری نہیں تھا، لہٰذا صرف طواف پر اکتفاء کرنا بھی کافی ہے۔

    نیز جدہ آکر مکہ جانے سے عمرہ کا احرام باندھ کر جانا آپ کے لیے ضروری نہیں تھا کیونکہ جدہ آپ کے لیے حلّ کے درجہ میں ہے، پس آپ گھر واپس آگئے جو کچھ عبادات کی توفیق ملی اس پر شکر ادا کیجیے، اور گناہوں سے اجتناب کا اہتمام کرتے ہوئے شریعت وسنت کے مطابق زندگی گذاریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند