• عبادات >> حج وعمرہ

    سوال نمبر: 154112

    عنوان: والدین كے حج كیے بغیر حج كرنا كیسا ہے؟

    سوال: میں حج کرنا چاہتاہوں، مگر لوگ کہہ رہے ہیں کہ تمہارا حج قبول نہیں ہوگا، کیوں کہ تمہارے والدین نے حج نہیں کیا ہے ، پہلے تمہارے والدین حج کرلیں ، اس کے بعد تمہارا حج قبول ہوگا؟ سوال یہ ہے کہ کیا یہ بات قرآن وحدیث کی روشنی میں درست ہے؟

    جواب نمبر: 154112

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 1344-1308/N=12/1438

    اگر آپ پر حج فرض ہوچکا ہے تو آپ پہلی فرصت میں اپنا فرض حج ادا کرنے کی کوشش کریں، والدین کو حج کرانے کی تیاری میں اپنا فرض حج موٴخر کرنا جائز نہیں (در مختار وشامی ۳: ۴۵۴، مطبوعہ: مکتبہ زکریا دیوبند)۔ اور اگر آپ کے والدین پر بھی حج فرض ہوچکا ہے تو وہ اپنے حج کی فکر کریں اور آپ اس سلسلہ میں حسب وسعت واستطاعت اپنے والدین کا جو کچھ مالی تعاون کرسکتے ہوں تو اس سے دریغ نہ کریں، بہر حال جن لوگوں نے یہ کہا کہ والدین سے پہلے آدمی کا حج قبول نہیں ہوتا، ان کی یہ بات قرآن وحدیث کی روشنی میں قطعاً غلط ہے، آپ اس طرف کوئی توجہ نہ دیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند