• عقائد و ایمانیات >> حدیث و سنت

    سوال نمبر: 164160

    عنوان: كپڑے پہننے اور اتارنے كا سنت طریقہ كیا ہے؟

    سوال: (۱) ایک شخص کی عمر ۳۳/ سال ہے۔ اسے اپنے بچپن کا ۱۰-۱۲/ سال کی عمر کا واقعہ یاد آتا ہے کہ اس کے والدین کے درمیان لڑائی ہوئی اور والد نے اس کی والدہ کو غصے میں تین دفعہ طلاق طلاق طلاق کہا تھا۔ اب یہ شخص پریشان ہے کہ اگر والدین سے اب اس طلاق کے واقع ہونے کا ذکر کرتا ہے تو والدین جھٹلا دیں گے۔ اور اگر یہ شخص خاموشی اختیار کئے رہتا ہے تو اسے اللہ کی طرف سے پکڑ کا ڈر ہے۔ جب طلاق دینے والا اس کا باپ اور اس کی ماں ہی اس طلاق کو جھٹلادیں تو اس شخص کے اس دعوی کی کیا حیثیت رہ جائے گی؟ اس شخص کو کیا کرنا چاہئے؟ (۲) کیا نماز کے بعد دعاء میں زیادہ سے زیادہ درود شریف پڑھنے کی فضیلت آئی ہے؟ کیا ایسی کوئی حدیث ہے جس میں نبی (صلی اللہ علیہ وسلم) نے کسی صحابی سے فرمایا کہ دعاء میں درود شریف کی مقدار بتاوٴ؟ (۳) ایک شخص کا مشغلہ ہے کہ وہ یوٹیوب پر دیوبندی اور اہل حدیث مناظرہ شوق سے دیکھتا ہے اور اکثر یہی دیکھتا رہتا ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ اگر کوئی اہل حدیث اس سے بحث کرے تو اسے جواب دے سکے، کیا اس شخص کا یہ شوق جائز ہے؟ (۴) کپڑے پہننے اور کپڑے اتارنے کی سنت کیا ہے؟ (۵) کوئی ایسی آسان کتاب کا نام بتادیں جس کے ذریعہ نماز، روزہ ، حج، زکات ، عمرہ اور دیگر بنیادی احکامات کو سیکھا جاسکے اور ان احکامات کے مسائل بھی سمجھے جاسکیں؟ (۶) ایک شخص کو پیشاب سے فارغ ہونے کے کچھ دیر بعد قطرے آتے ہیں ۔ نماز سے پہلے وہ اچھی طرح سے مطمئن ہو کر نماز ادا کرلیتا ہے۔ نماز کے علاوہ کسی وقت پیشاب کے لئے جاتا ہے تو جلدی کرتا ہے اور قطروں کو زیاد خارج نہیں کرتا بلکہ ٹیشو پیپر موڑ کر لگا لیتا ہے جس سے قطرے جذب ہو جاتے ہیں ۔ کیا عام حالات میں اس کا یہ عمل درست ہے ؟ یا اس پر عذاب ہو سکتا ہے؟ (۷) کسی کے یہاں بیٹی پیدا ہو تو اذان کس طرح دینی چاہئے؟ کیا اذان، فجر کی اذان کی طرح دینی چاہئے اور فرض نماز کی اقامت کی طرح؟ (۸) صبح اٹھتے ہی کیا پہلا کلمہ پڑھ کر چہرے پر ہاتھ پھیرنا چاہئے؟ کیا یہ سنت ہے؟ (۹) ایک شخص روزہ افطار کرنے کے لئے بیٹھا تھا اذان سے دو منٹ پہلے اس کی بیوی کمرہ میں آئی اور کہا کہ اذان ہو رہی ہے روزہ افطار کرلیں، اس نے روزہ افطار کرلیا لیکن دو منٹ بعد سائرن بجا اور چاروں طرف سے اذان کی آواز آنے لگی، کیا اس شخص کو روزے کی قضا کرنی ہوگی؟ جزاک اللہ

    جواب نمبر: 164160

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 1262-204T/B=1/1440

    ۲۳/ سال سے اس معاملہ کو چھپائے رکھنے میں کیا مصلحت تھی۔ ۲۳/ سال کے بعد ایسا خیال کیوں آیا۔ پھر ۱۰-۱۲/سال کے بچے کی بات کا کیا اعتبار ہے؟ وہ ناسمجھ اور نابالغ اور غیر مکلف بچہ تھا۔

    (۲) ایسی بات نہیں ہے بلکہ حدیث میں دعا کا ادب یہ بتایا گیا ہے کہ پہلے اور آخر میں اللہ کی حمد ثنا کرو یعنی الحمد للہ رب العالمین سے دعا شروع کرو۔ اس پر ختم بھی کرو۔ پھر درود شریف پڑھو اس کے بعد دعا کرو تو اس سے دعا جلد قبول ہوتی ہے۔

    (۳) ہمارے یہاں سے یوٹیوب میں جاندار کی تصویر دیکھنا مطلقاً منع لکھا جاتا ہے، خواہ دینی چیزیں دیکھے یا دنیاوی چیزیں دیکھے۔

    (۴) کرتا پہنے تو پہلے داہنے ہاتھ کو داہنی آستین میں ڈالے، پھر بایاں ہاتھ بائیں آستین میں ڈالے، نکالتے وقت اس کا اُلٹا کرے۔ اور پاجامہ پہنتے وقت پہلے داہنے پائینچہ میں دایاں پاوٴں ڈالے پھر بایاں پاوٴں بائیں پائینچے میں ڈالے، نکالتے وقت اس کا اُلٹا کرے۔

    (۵) بہشتی ثمر کا مطالعہ کریں۔

    (۶) اس کا یہ عمل درست ہے اس پر کوئی عذاب نہیں ۔

    (۷) الصلوة خیر من النوم نہ کہے ۔ بقیہ کلمات کہے۔

    (۸) یہ سنت نہیں ہے۔

    (۹) اگر ہارن بجنے کا وقت احتیاطی ہے تو روزہ ہوگیا۔ ورنہ قضا کرنی چاہئے۔

    ---------------------------

    جواب صحیح ہے البتہ نمبر ایک میں عرض ہے کہ اگر آپ کو یقین کے ساتھ یاد ہے تو آپ ماں باپ کو اطلاع کردیں اگرچہ وہ آپ کو جھٹلادیں، آپ شرعاً اطلاع کردینے کے بعد بریٴ الذمہ ہو جائیں گے۔ (ن)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند