• عقائد و ایمانیات >> حدیث و سنت

    سوال نمبر: 151444

    عنوان: کیا حدیثوں میں اللہ کے رسول (ص اللہ علیہ وسلم ) کے اصلی الفاظ ہوتے ہیں ؟

    سوال: کیا حدیثوں میں اللہ کے رسول (ص اللہ علیہ وسلم ) کے اصلی الفاظ ہوتے ہیں ؟ کیا حدیثوں میں اللہ کے رسول (ص اللہ علیہ وسلم ) کے اصلی الفاظ ہوتے ہیں؟ حدیثوں میں آپس میں اتنا تعارض کیوں ہوتاہے ؟

    جواب نمبر: 151444

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 1236-1199/L=10/1438

    احادیث میں حضرت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اصلی الفاظ ہوتے ہیں اور نہیں بھی ہوتے، یعنی اصل الفاظ ہونا ضروری نہیں ہے، روایت بالمعنی کافی ہے، شیخ عبدالحق محدث دہلوی رحمہ اللہ مقدمہٴ مشکاة میں مدرج کی تعریف کے بعد تحریر فرماتے ہیں:

    فصل: وہذا المبحث ینجر إلی روایة الحدیث ونقلہ بالمعنی، وفیہ اختلاف، فالأکثرون علی أنہ جائز ممن ہو عالم بالعربیة، وماہر في أسالیب الکلام، وعارف بخواص التراکیب، ومفہومات الخطاب،․․․․ آخر میں لکھتے ہیں: والنقل بالمعنی واقع في الکتب الستة وغیرہا․

    اس روایت بالمعنی کے جواز اور صحاح ستہ وغیرہ میں روایت بالمعنی کے پائے جانے کا ثبوت ہوتا ہے، جہاں تک احادیث میں آپسی تعارف کی بات ہے تو محدثین کرام نے اس کی کئی ایک وجوہات بیان کی ہیں، ہم سر دست ان میں سے تین کا ذکر کرتے ہیں:

    (۱) آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کوئی حکم ابتداء اسلام میں یُسر وسہولت کے پیش نظر دیا، جس کو ایک صحابی نے سن کر بعینہ حفظ کرلیا، اور اس کو نقل کردیا، بعد میں جب وہ سہولت مرتفع ہوگئی تو اس باب میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دوسرا حکم فرمایا، اور پہلے سے الگ امر صادر فرمایا، اس کو کسی دوسرے صحابی نے سن لیا، اور جوں کا توں آگے نقل کردیا، اب ظاہر ہے کہ ان دونوں میں باہم تعارض ہوگیا۔

    (۲) وحیِ الٰہی کے ذریعے ایک وقت میں ایک وقت میں ایک حکم نازل ہوا، دوسرے وقت میں اس کے برعکس حکم اُترا، جو پہلے حکم کے لیے ناسخ ہے، تو دو صحابی اپنے اپنے حفظ اور علم کے مطابق روایت بیان کرتے ہیں، ایک ناسخ کو، دوسرا منسوخ کو، اس طرح بھی تعارض احادیث میں ہوتا ہے۔

    (۳) حاملینِ حدیث میں بعض حفظ وضبط میں نہایت مضبوط اور قوی ہوتے ہیں، اور بعض میں نسبةً یہ شان کم ہوتی ہے، تو قوی الحفظ والضبط حدیث کو ایک لفظ سے بیان کرتے ہیں، اور ضعیف الحفظ اسی حدیث کو دوسرے لفظ سے بدل کر بیان کرتے ہیں، اور اس طرح یہ قوت وضعف اختلاف اور تعارضِ حدیث کا منشا بن جاتے ہیں۔

    مزید تفصیل کے لیے دیکھئے شیخ محمد عوامہ حفظہ اللہ کی کتاب: أثر الحدیث الشریف اور أدب الاختلاف۔

    نیز امام طحاوی رحمہ اللہ کی مختلف الحدیث وغیرہ دیگر اصطلاحاتِ حدیث کی کتابیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند