• عقائد و ایمانیات >> فرق باطلہ

    سوال نمبر: 61006

    عنوان: کیا زیدی شیعہ مسلمان ہیں؟ براہ کرم، ان کے عقائد کے بارے میں بتائیں؟ان کے اور دوسرے شیعوں کے درمیان کیا فرق ہے؟

    سوال: کیا زیدی شیعہ مسلمان ہیں؟ براہ کرم، ان کے عقائد کے بارے میں بتائیں؟ان کے اور دوسرے شیعوں کے درمیان کیا فرق ہے؟

    جواب نمبر: 61006

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1315-1423/L=1/1437-U شیعہ مذہب کے تمام فرقوں میں یہ فرقہ زیدیہ اہل سنت والجماعت کے زیادہ قریب تھا، یہ فرقہ اپنی نسبت زید بن علی بن حسین بن علی (رض) کی طرف کرتا ہے، ان کے عقیدے کے مطابق ائمہ عام انسان ہی ہوتے ہیں مگر حضرت علی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد سب سے ا فضل ہیں، یہ فرقہ اصحاب رسول صلی اللہ علیہ وسلم میں سے کسی کی تکفیر نہیں کرتا اور نہ تبرا کرتا ہے، ان کا عقیدہ ہے کہ حضرت علی خود اپنے حق سے خلفائے ثلاثہ کے حق میں دست بردار ہوگئے تھے، اور ان کی بیعت درست تھی، اس لیے کہ حضرت علی اس پر راضی تھے اور معصوم خطا اور باطل پر راضی نہیں ہوسکتا، لیکن بعد میں ان میں اختلاف ظاہر ہوا تو اس کے نو فرقے ہوگئے، جن میں سے ”زیدیہ“ نامی فرقے کے علاوہ تمام فرقے غلاة میں شمار ہوتے ہیں، پھر صحیح العقیدہ زیدیہ بھی یمن وغیرہ میں قلیل تعداد میں رہ گئے ہیں، ان کے اور دوسرے شیعی فرقوں کے درمیان فرق یہی ہے کہ وہ بارہ اماموں کو انبیاء کی طرح معصوم مفترض الطاعة سمجھتے ہیں بلکہ ان کی کتابوں میں صراحت کے ساتھ اماموں کو انبیاء سے بالاتر بلکہ خدائی اوصاف مخصوصہ کا حال گردانا گیا ہے، سبحانہ وتعالی عما یشرکون، نیز اصحابِ رسول کی تکفیر کرتے ہیں اور موجودہ قرآن میں نعوذ باللہ تحریف کے قائل ہیں اور خلفائے ثلاثہ رضوان اللہ علیہم اجمعین کی بیعت کو ظلم وجور مانتے ہیں بلکہ بعض تو حضرت علی کی الوہیت کے قائل ہیں یا ان میں روحِ خداوندی کے حلول کا عقیدہ رکھتے ہیں اور بعض ایسے بھی ہیں جو حضرت علی کو آں حضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے افضل اور نبوت کا زیادہ مستحق سمجھتے ہیں۔ نعوذ باللہ من ذلک۔ (المحاضرات العلمیہ/ رد شیعیت: ۱۳ تا ۲۶۔ جواہر الفتاوی: ۱/ ۲۸۴)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند