• عقائد و ایمانیات >> فرق باطلہ

    سوال نمبر: 58697

    عنوان: مولانا وحید الدین خان کے عقائد کیسے ہیں؟ کیا وہ اہل سنت الجماعت سے خارج ہیں؟ میں نے ان کی ساری کتابیں پڑھ لی ہیں، میں الرسالہ کا قاری ہوں، وہ کہتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت اسوة حسنہ ہے ، نہ کہ اسوة کاملہ ، ان کی ایک کتاب قیامت کا الآرام جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ عیسی (علیہ السلام) اور امام مہدی ایک شخص ہیں، ایسی بہت سی باتیں ہیں جو کہ خلاف عقیدہ اہل سنت و الجماعت کے خلاف ہیں۔ کتاب کا حوالہ میں یہاں نہیں دے سکتا ۔ براہ کرم، اس پرروشنی ڈالیں۔

    سوال: مولانا وحید الدین خان کے عقائد کیسے ہیں؟ کیا وہ اہل سنت الجماعت سے خارج ہیں؟ میں نے ان کی ساری کتابیں پڑھ لی ہیں، میں الرسالہ کا قاری ہوں، وہ کہتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت اسوة حسنہ ہے ، نہ کہ اسوة کاملہ ، ان کی ایک کتاب قیامت کا الآرام جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ عیسی (علیہ السلام) اور امام مہدی ایک شخص ہیں، ایسی بہت سی باتیں ہیں جو کہ خلاف عقیدہ اہل سنت و الجماعت کے خلاف ہیں۔ کتاب کا حوالہ میں یہاں نہیں دے سکتا ۔ براہ کرم، اس پرروشنی ڈالیں۔

    جواب نمبر: 58697

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 921-942/L=7/1436-U وحید الدین خان کے بہت سے عقائد ونظریات جمہور اہل سنت والجماعت کے خلاف ہیں، مثلاً: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ذاتِ اقدس پر اگر کوئی شتم کرے تو مولانا کے نزدیک وہ قتل نہیں کیا جائے گا جب کہ اہل سنت والجماعت کے نزدیک ایسا شخص واجب القتل ہے، تقلید سے راہِ فرار اختیار کرنا، فقہائے کرام پر بے جا تنقید وتعریض کرنا، قرآن کریم کی من پسند تشریحات کرنا اور جہاد والی آیات واحادیث کی غلط تاویلیں کرنا ان کا مشغلہ ہے، پوری امت مسلمہ کا یہ حتمی عقیدہ ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی ذاتِ اقدس ہراعتبار سے بلا کسی استثناء کے انسانیت کے لیے آخری نمونہ ہے جس سے صرف نظر قطعا روا نہیں ہے، نیز سیدنا حضرت عیسی علی نبینا علیہ الصلاة والسلام کے آسمان پر زندہ اٹھائے جانے اور قیامت کے قریب دنیا میں دوبارہ تشریف لانے کے متعلق قرآن کریم اور احادیث شریف میں واضح نصوص موجود ہیں، اسی طرح دجال اور یاجوج ماجوج کے متعلق بھی ایسی بے غبار تفصیلات موجود ہیں جن میں شبہ کرنے یا جن کو محض تمثیل قرار دینے کی گنجائش نہیں ہے۔ وحید الدین خان کا سیدنا حضرت عیسی علیہ السلام کے رفع ونزول کا انکار، علامات قیامت کے بارے میں بے بنیاد شکوک وشبہات کا اظہار کرنا بلاشبہ زیغ وضلال اور کھلی ہوئی گمراہی ہے، اس لیے وحید الدین خان کی کتابوں کو پڑھنے اور ان کے لٹریچوں کو پھیلانے سے احتراز ضروری ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند