• معاشرت >> تعلیم و تربیت

    سوال نمبر: 6365

    عنوان:

    کیا بہشتی زیور کوئی کتاب ہے؟ اس میں کیامشمولات ہیں؟ کیا یہ عام لوگوں کے لیے مفید ہے؟

    سوال:

    کیا بہشتی زیور کوئی کتاب ہے؟ اس میں کیامشمولات ہیں؟ کیا یہ عام لوگوں کے لیے مفید ہے؟

    جواب نمبر: 6365

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 585=585/ م

     

    جی ہاں بہشتی زیور ایک کتاب ہے جس کی تالیف مشہور جید عالم و فقیہ و بزرگ، مجدد ملت حضرت حکیم الامت اشرف علی تھانوی علیہ الرحمة کی طرف منسوب ہے، یہ کتاب دراصل عورتوں کی دینی تباہی و بے راہ روی کو سامنے رکھ کر ان کی اصلاح و علاج کی غرض سے لکھی گئی ہے، کتاب مذکور اسلامی انسائیکلوپیڈیا کی حیثیت رکھتی ہے، جس میں ضروریات و آدابِ دین سے متعلق اکثر مسائل بلکہ بعض ضروریات معاش تک کے مسائل، نہایت آسان انداز اور سلیس عبارت کے ساتھ جمع کردیے گئے ہیں، جن امور کی عورتوں کو اکثر ضرورت واقع نہیں ہوتی جیسے احکامِ جمعہ و عیدین و امامت وغیرہا، ان کو بھی ذکر کردیا گیا ہے، لیکن بطور خاص دو قسم کے احکام لیے گئے ہیں۔ (۱) جو مردوں، عورتوں کی ضروریات میں مشترک ہیں۔ (۲) دوسرے جو صرف عورتوں کے ساتھ مخصوص ہیں۔ اور ان مخصوص مسائل میں یہ بھی التزام کیا گیا ہے کہ حاشیہ پر اس باب میں مردوں کے لیے جو حکم ہے اس کو بھی لکھ دیا تاکہ مردوں کو بھی اس سے انتفاع ممکن ہو اور ایسے مسائل میں غلطی واقع نہ ہو، یہ کتاب عام لوگوں کے لیے بے حد مفید ہے، لیکن جہاں کوئی مسئلہ سمجھنے میں دشواری ہو یا غلط فہمی کا اندیشہ ہو وہاں علماء سے رجوع کرلینا چاہیے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند