• معاشرت >> تعلیم و تربیت

    سوال نمبر: 53204

    عنوان: آپ اپنے بچہ کی دینی تعلیم وتربیت کی فکر وکوشش کے ساتھ درج ذیل دعائیں کثرت سے پڑھأ کریں

    سوال: میرا ایک لڑکا ہے جو کہ ۳۰/ مہینہ کا ہے، اس کا نام ابان عاصم ہے۔ میں یہ جاننا چاہوں گا کہ ابان نام درست ہے یا نہیں؟ میں دبئی میں کام کررہا ہوں اور اپنی فیملی کے ساتھ رہتاہوں لیکن میرے کام کی وجہ سے کبھی مجھ کو عراق میں کام کرنے جانا پڑتا ہے۔ اس صورت میں میری فیملی انڈیا میں رہتی ہے۔ ہمارا منصوبہ اپنے لڑکے کے لیے ہے کہ ہم اس کو بہترین دینی اور اسلامی ماحول مہیا کریں اور جب وہ بڑا ہوتو ہمارا منصوبہ ہے کہ ہم اس کو پہلے حافظ قرآن بنائیں اس کے بعد دیگر تعلیم دیں۔ ہمارا ٹائم ٹیبل ہمارے لڑکے کے لیے یہ ہے کہ صبح میں صدقہ کرتے ہیں، اس کے بعد زمزم دیتے ہیں اس کے بعد ناشتہ کراتے ہیں اس کے بعد وہ کھیلتاہے اس کے بعد وہ صحابی کا نام سیکھتاہے اس کے بعد کھیلتا ہے اس کے بعد فضائل اعمال کی تعلیم حاصل کرتا ہے۔ رات کو کلمہ یاد کرتا ہے، صحابہ کے نام اور تسبیح پڑھتاہے۔ وہ بہت اچھی طرح سے تعلیم حاصل کررہا تھا لیکن اس وقت وہ انڈیا میں ہے اور اپنے معمول کے مطابق نہیں چل رہا ہے۔ میں اور میری بیوی بہت فکر مندہیں اس کے برتاوٴ اور رویہ سے۔ براہ کرم ہم کو اپنا بہترین مشورہ عنایت فرماویں اور ہم کو کوئی دعا بتائیں جس کو ہم پڑھ سکیں۔

    جواب نمبر: 53204

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 886-893/N=8/1435-U آپ اپنے بچہ کی دینی تعلیم وتربیت کی فکر وکوشش کے ساتھ درج ذیل دعائیں کثرت سے پڑھأ کریں اور آپکی اہلیہ بھی، ان شاء اللہ آپ کا بچہ نیک وصالح ہوگا، وہ دعائیں یہ ہیں: (۱) رَبَّنَا ہَبْ لَنَا مِنْ اَزْوَاجِنَا وَذُرِّیَّاتِنَا قُرَّةَ اَعْیُنٍ وَاجْعَلْنَا لِلْمُتَّقِیْنَ اِمَامًا (سورہ شعراء آیت: ۷۴) (۲) رَبِّ اجْعَلْنِیْ مُقِیْمَ الصَّلَاةِ وَمِنْ ذُرِّیَّتِیْ رَبَّنَا وَتَقَبَّلْ دُعَآءِ (سورہ ابراہیم آیت: ۴۰) (۳) اللَّھُمَّ إِنِّي أَسْأَلُکَ مِنْ صَالِحِ مَا تُؤْتِي النَّاسَ مِنَ المَالِ وَالأَھْلِ وَالوَلَدِ غَیْرِ الضَّالِّ وَلَا المُضِلِّ ․ (مشکاة شریف ص۲۲۰ بحوالہ سنن ترمذی)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند