• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 30962

    عنوان: چھ مہینے قبل میں نے شادی کی تھی، شادی سے پہلے میرے شوہر بہت اچھی کمائی کرتے تھے اور پیشہ سے انجینئر تھے، شادی کے دو مہینوں کے بعدہی ، آفس میں کچھ پریشانیاں تھیں اور اس نے ملازمت چھوڑ دی۔

    سوال: چھ مہینے قبل میں نے شادی کی تھی، شادی سے پہلے میرے شوہر بہت اچھی کمائی کرتے تھے اور پیشہ سے انجینئر تھے، شادی کے دو مہینوں کے بعدہی ، آفس میں کچھ پریشانیاں تھیں اور اس نے ملازمت چھوڑ دی۔ اب وہ تین مہینوں سے ملازمت کی تلاش میں ہے،لیکن انٹرویومیں کامیابی نہیں مل رہی ہے، نیز گھر کے بارے میں جس قسم کے بھی کام کے لیے کوشش کرتے ہیں ناکام ہوجاتے ہیں، کوئی قدم کار گر ثابت نہیں ہوتاہے۔ سسرال والوں کوشک ہے کہ کچھ رشتہ داروں نے کالا جادو کرلیا ہے، میری ساس نے ایک حضرت سے ملاقات کی تھی جو ان چیزوں سے نجات دلاتے ہیں اور بہت زیادہ چارج لیتے ہیں۔ میں نے ان کے اطمینان کی خاطر ان کو پیسہ دیا چونکہ میں اور میرے گھروالے مسائل کے حل کے لیے صرف اللہ پر یقین رکھتے ہیں۔ اس حضرت نے انڈے وغیرہ وغیرہ سے کچھ عمل کیا اور ہمیں ان انڈوں کو قبرستان میں دفن کرنے کے لیے کہا ۔ میرے سسر اس حضرت کے خلاف ہیں ، اس لیے اس عمل کو کرنے سے پہلے کچھ گڑ بڑ ہوگیا نیز میرے سسر نے میرے شوہر کو کسی دوسرے حضرت کے پاس جانے کے لیے کہا۔ میرے شوہر ایک فرمانبردار ہیں اس لیے وہ کسی کام کے لیے منع نہیں کرتے ہیں۔ ہمارے گھر میں آویزاں کرنے کے لیے اسے کچھ لکھ کردیا ہے، میرے شوہر کے لیے کچھ پرفیوم اور میرے لیے تعویذ ۔ جب کہ میں اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ، اس کے فرشتے اور اس کی کتاب کے علاوہ کسی پر یقین نہیں کرتی ہوں۔ میرے شوہرچاہتے ہیں کہ میں یہ تعویذ پہنوں ۔ میں تذبذب میں ہوں کہ کیا کوئی غیر اسلامی کام کررہی ہوں؟ نیز بتائیں کہ میرے شوہر کی ملازمت کے لیے کیا کیا جانا چاہئے؟کیا اس کے لئے کوئی خاص دعا ہے؟

    جواب نمبر: 30962

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(ل): 465=112-4/1432 اگر تعویذ میں آیات قرآنیہ، اسمائے حسنیٰ وغیرہ لکھے ہوئے ہیں تو ایسی تعویذ کا پہننا جائز ہے۔ (۲) ملازمت ملنے کے لیے آپ تمام گھروالے مغرب کی نماز کے بعد سورہٴ واقعہ کی تلاوت کا اہتمام کریں۔ اور آپ دونوں عشاء کی نماز کے بعد اول وآخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف پڑھ کر گیارہ سو گیارہ مرتبہ یَا مُغْنِيْ پڑھ لیا کریں۔ ان شاء اللہ بہت جلد ملازمت مل جائے گی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند