• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 170020

    عنوان: كسی كو راہ راست پر لانے كا عمل یا وظیفہ

    سوال: میرا چھوٹابھائی جس کی عمر بیس سال ہے وہ سیگریٹ پینے کا عادی ہوگیاہے، گھر والوں کے ساتھ کم بیٹھتاہے، تنہائی پسند ہوتاجارہاہے، اکثر جھوٹ بولتاہے ، گھر سے باہر اور پتا نہیں کیا کیا کرتاہے، ماں باپ کا ڈر ختم ہوگیاہے، ہم زیادہ ڈانٹ ڈپٹ نہیں کرتے ہیں کہ ہم سے دور نہ ہوجائے ،پیار سے سمجھاتے ہیں، کچھ دیر کے لیے سمجھ جاتاہے، گھر سے باہر جاآتاہے تو پھر ویسا ہوجاتاہے، میرے والدین اس کی وجہ سے بہت پریشان ہیں، والدین کہتے ہیں کہ اس کی شادی کردو اس کے لیے بھی نہیں مانتا۔ کوئی ایسا عمل یا دعا بتادیجئے جو اس کو پانی پہ دم کرکے دیاجائے جس سے وہ راہ راست پر آجائے ۔ جزاک اللہ

    جواب نمبر: 170020

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 849-706/D=09/1440

    (۱) ایک بوتل یا گلاس پانی میں صبح کے وقت سورہٴ فاتحہ گیارہ مرتبہ پڑھ کر دَم کردیں اول آخر تین تین بار درود شریف بھی پڑھ کر دَم کریں پھر پورے دن یہ پانی اسے پلائیں ختم ہونے سے پہلے اور پانی ملالیں اسی طرح چالیس روز تک کریں۔

    (۲) اللّٰہُمَّ اَصْلِحْ لِیْ فِیْ ذُرِّیَّتِيْ وَاِنِّیْ تُبْتُ اِلَیْکَ وَاِنِّیْ مِنَ الْمُسْلِمِیْن ہر نماز کے بعد پابندی سے پڑھا کریں اور اللہ تعالی سے خوب دعا کریں، دین پر قائم رکھنا اور راہ راست پر لانا انہیں کے بس میں ہے ۔

    (۳) اچھی صحبت اچھے ساتھیوں اچھے لوگوں کے ساتھ اس کے رہنے اور وقت گذارنے کے مواقع فراہم کریں برے ساتھیوں سے اسے بچائیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند