India

سوال # 164278

میری بیوی جو پہلے سے زیادہ غذا لے رہی ہے پھر بھی اس کی صحت دن بدن کمزور ہوتی جارہی ہے۔ اس کی وجہ وہ نفسیاتی دباوٴ میں آرہی ہے اور سر درد ہو رہا ہے اس کو کئی لوگوں نے مشورہ دیا کہ اس کو کچھ پرابلم ہے جو دعاء سے یا رقیہ سے ہی کم ہوگا۔ جو بھی دیکھتا ہے یہی کہتا ہے۔ لیکن مجھے اِدھر قرآن و حدیث سے علاج کرنے والے لوگ ملنا بہت مشکل ہے۔ میری بیوی پنجگانہ نماز کی پابند ہے ۔ قرآن پڑھتی ہے، حدیث کی کتاب پڑھتی ہے۔ آپ سے ادباً گذارش ہے اس کا اسلامی علاج بتائیں۔
(۲) اس کو پہلے پی سی او ایس (PCOS) کی صحت کا مسئلہ تھا لیکن وہ ختم ہوگیا تھا۔ ڈیڑھ سال کے عرصہ میں تین مرتبہ حمل ساقط ہوا ہے اس کو اب کہ جو اسقاط حمل ہوا ہے اس کے بعد سے صحت اس کی کافی کمزور ہوگئی ہے۔ ماہواری کے ایام بھی بے انتہاء ہورہے ہیں دو چار دن زیادہ خون آتے ہیں ، کتنا بھی کھائے کوئی فرق نہیں پڑ رہا ہے۔ ڈاکٹر حضرات دوا کی گولی ، سیرپ بھی دے رہے ہیں لیکن صحت میں کوئی تبدیلی نہیں، اور اسکیننگ رپورٹ بھی نارمل ہی ہے۔ لوگ کہہ رہے ہیں اِسے ڈاکٹر کا علاج نہیں کئی رقیہ کرائیے۔
(۳) مذکورہ بالا دونوں صورتیں جو میں نے ذکر کی ہیں اس کا علاج بتائیے، اور سردرد کے لئے بھی علاج بتائیں۔ جزاک اللہ خیر

Published on: Sep 11, 2018

جواب # 164278

بسم الله الرحمن الرحيم


Fatwa : 1342-1131/B=12/1439



(۱) ہر فرض نماز کے بعد ۱۰۰/ مرتبہ بسم اللہ الرحمن الرحیم پڑھ لیا کریں۔ اور صبح و شام أعوذ باللہ السمیع العلیم من الشیطن الرجیم ۳/ بار پڑھیں، پھر سورہ حشر کی آخری آیت ہواللہ الذی لا إلٰہ إلا ہو عٰلم الغیب والشہادة ہو الرحمٰن الرحیم سے اخیر تک ایک مرتبہ پڑھیں، پھر قل ہواللہ ایک مرتبہ پھر قل أعوذ برب الفلق پھر قل أعوذ برب الناس ایسے ہی تین بار پڑھ کر دونوں ہاتھ پر دَم کرکے سر سے پاوٴں تک پورے بدن پر ہاتھ کو پھیر لیں۔



(۲) معجون حمل علوی خان انہیں صبح وشام ۳-۳/ ماشہ کھلائیں اور جب حمل قرار پائے تو ایک تعویذ چاندی کا ہمارے پاس سے منگوا کر عورت کے گلے میں ڈال دیں حمل کی حفاظت کے لئے مفید ہے۔



(۳) سر درد کے لئے خمیرہ گاوٴزباں عنبری جواہر والا (ہمدرد کمپنی) لے کر صبح وشام ۳-۳/ گرام پانی سے کھلائیں۔



واللہ تعالیٰ اعلم


دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند

اس موضوع سے متعلق دیگر سوالات