• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 154954

    عنوان: كیا بدعت كی معافی ہوسكتی ہے؟

    سوال: اللہ پاک شرک کے علاوہ ہر گناہ معاف کر سکتاہے تو کیا بدعت کی معافی بہی ہو سکتی ہے اس طرح سے کہ بدعتی آدمی سیدہے جنّت میں چلا جائے ؟ اگر کوئی شخص یہ عقیدہ رکہے کہ اللہ عرش کے اوپر ہے یا یہ کہ (نعوذباللہ) اللہ کے ہاتھ اور پیر ہیں تو کیا ایسے شخص کے بارے میں کفر کا حکم لگایا جا سکتا ہے ؟ ان صفات کے بارے میں ہمارا کیا عقیدہ ہونا چاہئے ؟ عیسی (ع) کے دوبارہ دنیا میں آنے کا اگر کوئی انکار کرے تو کیا اُس پر کفر کا حکم ہے ؟

    جواب نمبر: 154954

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 4-213/sn=3/1439

    (۱) اگر ”بدعت“ حد شرک کو نہیں پہنچی ہے تو ”بدعت“ کی بھی معافی ہوسکتی ہے اور اللہ تعالیٰ اپنے فضل وکرم سے اس طرح کی بدعت کے مرتکب کو بھی سیدھے جنت میں داخل کرسکتا ہے۔

    (۲) نہیں، کفر کا حکم نہیں لگایا جاسکتا۔ ولو قال: اللہ تعالی فی السماء فإن قصد بہ حکایة ما جاء فیہ ظاہر الأخبار لا یکفر، وإن أراد بہ المکان یکفر․․․ ولو قال: خدای ازبر عرش بداند فہذا لیس بکفر الخ (ہندیة: ۲/۲۵۹، مطلب فيموجبات الکفر) نیز دیکھیں: عقائد الاسلام، ص: ۳۵وبعدہ حصہ اول)

    (۳) عقائد الاسلام میں ہے (قرآن وحدیث میں اللہ تبارک وتعالی کے لیے ثابت شدہ ایسی ”صفات“) جن کے معنی میں خفا اور ابہام ہے، محض مدلول اور معنی لغوی سے کوئی علم قطعی اور یقینی حاصل نہیں ہوتا جیسے وجہ اور ید (ہاتھ) اور نفس اور عین (آنکھ) اور ساق اور قدم اور اصابع یعنی انگلیاں اور عرش پر مستوی ہونا اس قسم کی صفات کو صفاتِ متشابہات کہتے ہیں، اسم قسم کی صفات کے بارے میں․․․ اہل سنت والجماعت یعنی ) اہل حق کا گروہ یہ کہتا ہے کہ حق یہ ہے کہ ان صفات کو حق تعالیٰ کے لیے ثابت تسلیم کریں اور اپنی قیاس سے اور اپنے کشف اور الہام سے ان کی حقیقت معلوم کرنے کی کوشش نہ کریں اور جس طرح یہ صفات متشابہات کتاب وسنتِ صحیحہ سے ہوئی ہیں ان ان کو بے چون وچرام تسلیم کریں․․․ ان کی حقیقت اللہ کے سپرد کرے الخ (عقائد الاسلام، ص: ۳۵، ۳۶، حصہ اول، ط: فرید بکڈپو) بس ہمیں بھی اسی طرح کا عقیدہ ان صفات کے حوالے سے رکھنا چاہیے۔

    (۴) حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا آسمان پر اٹھایا جانا اور زندہ ہونا اور قرب قیامت میں دوبارہ زمین پر نزول کرنا قرآنِ کریم کی آیات اور احادیث متواترہ سے ثابت ہے اور پوری ملتِ اسلامیہ کا متفقہ عقیدہ ہے، اس کا منکر کافر ہے۔ مزید تفصیل کے لیے حضرت امام العصر علامہ انور شاہ کشمیری رحمہ اللہ کی کتاب ”التصریح بما تواتر فیہ نزول المسیح“ دیکھیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند