• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 146553

    عنوان: مروجہ اجتماعی قرآن خوانی كے ذریعہ ایصال ثواب؟

    سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں جب ہمارے معاشرے میں کوئی وفات ہوجا ئے تو چند دن بعد مردے کی وارث کے کہنے پر چند لوگ جمع ہوکر قرآن کریم پڑھ کر ایصال ثواب دیتا ہیں۔اس میں گھروالا ان پر خیرات وغیرہ کھلاتا بھی ہیں۔تو کیا یہ طریقہ اصحابہ کے دور میں تھا؟یہ طریقہ جائز ہے ؟اور تیسرا یہ کہ گھر والا تو خیرات کرکے ان پر بھی کھلاتا ہے . کیا قرآن کریم پڑھ نے پر کھانا کیسا ہے ؟یہاں پر گھر والے نے خیرات کی نیت پر بھی ان پر کھلایا؟

    جواب نمبر: 146553

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 235-223/M=2/1438

    میت کے لیے ایصال ثواب تو ثابت ہے لیکن اس کے لیے معاشرے میں جو طریقہ رائج ہے وہ مکروہ اور ناپسندیدہ ہے مثلاً مرنے کے تیسرے، دسویں یا چالیسویں دن ہی قرآن خوانی کرانے کو باعث ثواب سمجھتے ہیں یہ دن و تاریخ کی تعیین وتخصیص ثابت نہیں، اسی طرح اس کے لیے باضابطہ لوگوں کو دعوت دی جاتی ہے اور پڑھنے والے پارہ جلد ختم کرنے کی فکر میں بہت تیز رفتاری سے پڑھتے ہیں اور قواعد تجوید کی رعایت نہیں کرتے اس سے بسا اوقات ثواب ملنے کے بجائے گناہ ہو جاتا ہے نیز ختم کے بعد ناشتہ کھانا وغیرہ کھلایا جاتا ہے نیز یہ کھلانا پلانا کبھی میت کے ترکہ سے ہوتا ہے جو درست نہیں اس لیے قرآن خوانی کا مروجہ اجتماعی طریقہ لائق ترک ہے، ایصال ثواب کا بہتر طریقہ یہ ہے کہ انفرادی طور پر لوگ جب چاہیں اور جس قدر چاہیں تلاوت قرآن کرکے یا نفلی نمازیں پڑھ کر یا صدقہ خیرات کرکے ثواب میت کو بخش دیا کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند