• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 146302

    عنوان: علاج ، نسخہ یا عمل بتلائیں، میں بہت پریشان ہوں

    سوال: (۱) میں نے گریجویشن مکمل کرلیا ہے، الحمد للہ مجھے کلرک کی نوکری ملی ہے اور چھ مہینہ پہلے میرا نکاح بھی ہو گیا، لیکن میری نوکری میری تعلیم سے میل نہیں کھاتی اور تنخواہ بھی کم ہے، جو بھی ہے اللہ کا شکر ہے، لیکن میں ایک اچھی نوکری کی تلاش میں اپنی ترقی کے لیے بہت کوشش کررہا ہوں، لیکن کچھ نہیں ہو رہا ہے، برائے مہربانی کچھ وظیفہ یا عمل بتادیں۔ (۲) میں نہیں جانتا کہ یہ صحیح ہے یا غلط لیکن میں ہمیشہ نظر بد کا شکار ہوا ہوں، اگر کوئی میری کسی بھی چیز کی تعریف کرتا ہے تو بہت جلد اس کو نقصان ہو جاتا ہے، بسا اوقات میرے کام آخری مرحلہ پر آکر خراب ہو جاتے ہیں اور میری صحت کو بھی نقصان ہو جاتا ہے۔ برائے مہربانی کچھ علاج ، نسخہ یا عمل بتلائیں، میں بہت پریشان اور ڈر ڈر کر جی رہا ہوں۔

    جواب نمبر: 146302

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 184-150/B=2/1438

    ہم آپ کے لیے دل سے دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ زیادہ تنخواہ والی ایسی نوکری آپ کو دلادے جو آپ کی تعلیم سے میل کھاتی ہو، ابھی اِس نوکری کو پکڑے رہیں اور بہتر نوکری کی تلاش کرتے رہیں، اور اس کے لیے یَالَطِیْفُ ، یَالَطِیْفُ کثرت سے پڑھتے رہیں اس کے لیے وقت اور تعداد متعین نہیں ہے۔

    (۲) ہر روز صبح وشام قل ہو اللہ أحد۔ قل أعوذ برب الفلق اور قل أعوذ برب الناس۔ تین تین بار پڑھ لیا کریں۔ اور اسی طرح صبح و شام بسم اللہ الذی لایضر مع اسمہ شيء فی الأرض ولا فی السماء وہو السمیع العلیم۔ بھی تین تین بار پڑھ لیا کریں، ان شاء اللہ کچھ نہ ہوگا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند