• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 146703

    عنوان: خواب كوئی شرعی دلیل نہیں ہوتا

    سوال: میں نے انٹرنیٹ میں ایک ویڈیو دیکھی جس میں تھا کہ یہ معلوم کرنا کہ اس پر جادو ہے یا نہیں ، اسے اپنے ناپاک قمیص کو دھاگے سے قمیص کی لمبائی کندھے سے لے کر دامن تک ناپنا چاہئے اور پھر وہ ایک وظیفہ پڑھے( درود شریف ، سورة فاتحہ اور پھر آخر میں درود ) جب یہ وظیفہ پورا ہوجائے تو اسے دوبارہ اپنا قمیص ناپنا چاہئے ، اگر لمبائی زیادہ ہوتی ہے تو اس کے مطابق اس پر جادو ہے۔ براہ کرم، اس شبہ کا ازالہ فرمائیں کہ یہ طریقہ درست ہے یا غلط ؟نیز بتائیں کہ جادو سے کیسے نجات ملے ؟ میں نے یہ سوال اس لیے پوچھا ہے کہ میری والدہ ہمیشہ خواب دیکھتی ہیں کہ کوئی ہمارا راستہ بند کررہاہے۔ واضح رہے کہ میری والدہ کے خواب بعد میں مختلف معاملات میں درست ہوتے ہیں، ان کو یقین ہے کہ میرے ددیہال سے کسی نے ہماری فیلی پر جادو کردیاہے۔ براہ کرم، مذکورہ بالا تشویش کے بارے میں میری اور میرے گھروالوں کی رہنمائی فرمائیں۔

    جواب نمبر: 146703

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 219-161/SN=3/1438

     

    (۱) انٹرنیٹ میں موجود اس طرح کی باتوں پر اعتماد نہیں کرنا چاہئے، کسی پر جادو ہے یا نہیں اس کو جانچنا ”عاملوں“ کا کام ہے؛ اس لیے آپ کسی قابلِ اعتماد عامل سے رجوع کرنا چاہے۔

    (۲) ”خواب“ کوئی شرعی دلیل نہیں ہے؛ اس لیے محض خواب کی وجہ سے کسی بات سے متعلق یقین نہ کرنا چاہئے اور نہ ہی کسی کے سلسلے میں بدگمان ہونا چاہئے، آپ حضرات اپنے گھر میں ”سورہٴ بقرہ“ کی تلاوت کا معمول بنائیں، نیز آپ خود یا کسی متقی آدمی سے سورہٴ بقرہ پڑھوا کر پانی میں دم کرالیں اور وہ پانی گھر کے تمام افراد پئیں اور ساتھ ساتھ فیملی کا ہر فرد فرض نماز کے بعد معوذتین پڑھ کر اپنے سینہ اور بدن پر دَم کرلیا کرے، پابندی کے ساتھ اگر یہ عمل کیا جائے تو جادو وغیرہ اگر ہو بھی تب بھی ان شاء اللہ ختم ہو جائے گا نیز آئندہ بھی اس سے حفاظت رہے گی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند