• عقائد و ایمانیات >> فرق ضالہ

    سوال نمبر: 17199

    عنوان:

    مجھے مہدوی لوگوں کا عقیدہ جاننا ہے، کیا وہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو مانتے ہیں یا نہیں؟ کیا ان کی دعوت شادیوں میں جانا جائز ہے یا نہیں؟

    سوال:

    مجھے مہدوی لوگوں کا عقیدہ جاننا ہے، کیا وہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو مانتے ہیں یا نہیں؟ کیا ان کی دعوت شادیوں میں جانا جائز ہے یا نہیں؟

    جواب نمبر: 17199

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(د):2076=1651-11/1430

     

    فرقہٴ مہدویہ جو سیدمحمد جونپوری متوفی ۹۱۰ھ کو اپنا پیشوا اور مقتدا مانتے ہیں، اور مثل اس کے عقائد باطلہ کے خود بھی گمراہ کن عقائد رکھتے ہیں، وہ گمراہ اور زندیق ہیں، اہل سنت والجمات سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے، ان کا ذبیحہ کھانا جائز نہیں ہے، ان سے راہ ورسم رکھنا ان کی شادیوں میں شرکت کرنا درست نہیں ہے، ان کے عقائد باطلہ کی تفصیل فتاویٰ رحیمیہ جلد ہفتم قدیم اور جلد اول جدید میں تفصیل سے لکھے ہوئے ہیں، منجملہ ان کے سید محمد جونپوری کو مہدی موعود ماننا۔ (۲) دعا کے لیے ہاتھ نہ اٹھانا ۔ (۳) صبح کی چھ رکعت نماز پڑھنا۔ (۴) رمضان کی چھبیسویں کو ڈیڑھ دو بجے رات میں دو رکعت امام کے پیچھے پڑھنا اور اس رات میں عشاء کی نماز نہ پڑھنا۔ (۵) محمد جونپوری کو حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے برابر مرتبہ کا سمجھنا اور دیگر انبیائے کرام سے محمد جونپوری کو افضل سمجھنا۔ وغیرہ عقائد باطلہ ہیں جو قرآن، احادیث اور جمہور علمائے اہل سنت والجماعت کے خلاف ہیں۔ آپ کے نزدیک مہدویہ فرقہ کے نام سے جو لوگ ہیں وہ کیا عقیدہ رکھتے ہیں؟ اس کی وضاحت خود ان لوگوں سے معلوم کیجیے اوران کے عقائد لکھ کر یہاں بھیجئے تو اس کا حکم شرعی لکھ دیا جائے گا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند