• عقائد و ایمانیات >> فرق ضالہ

    سوال نمبر: 147672

    عنوان: جماعت اسلامی میں شامل ہونا کیسا ہے؟

    سوال: (۱)کیا مودودی صاحب کی جماعت اسلامی میں شمولیت کرنا جائز ہے ؟ (۲)کیا جماعت اسلامی اہلسنت والجماعت میں داخل ہے ؟ (۳)کیا اہلسنت والجماعت مسلک علماء دیوبند سے تعلق رکھنے والے انسان کا نکاح جماعت اسلامی کے کارکن انسان سے ہوسکتا ہے ؟ مرد دیوبندی اور عورت جماعت اسلامی کی یا برعکس۔ (۴)کیا جماعت اسلامی کا مالی تعاون کرنا جائز ہے ؟ (۵)کیا مسلک علماء دیوبند کی مسجد میں کوئی جماعت اسلامی والا آکر اذان یا اقامت دے تو صحیح ہے ؟ (۶)جماعت اسلامی والوں کی اقتداء میں فرض نماز اور تراویح نماز پڑھنے کا کیا حکم ہے ؟ (۷)مودودی صاحب کی کتابوں کا مطالعہ غیر علماء کیلئے صحیح ہے ؟ خاص کر تفسیر تفہیم القرآن اور تاریخی کتاب خلافت و ملوکیت کا مطالعہ کرسکتے ہیں؟ (۸)کیا مودودی صاحب مقلد اور حنفی تھے ؟ (۹)کیا مودودی صاحب فاضل مستند عالم تھے ؟ (۱۰)جماعت اسلامی کے جلسوں میں جاکر ان کے بیانات سن سکتے ہیں؟

    جواب نمبر: 147672

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 396-399/B=5/1438

    (۱) ان کے کچھ نظریات وخیالات ہمارے اسلاف سے ہٹے ہوئے ہیں اس لیے جماعت اسلامی میں شمولیت سے احتراز کرنا چاہیے۔

    (۲) جی نہیں۔

    (۳) وہ دائرہٴ اسلام سے خارج نہیں ہیں، بلکہ مسلمان ہیں اس لیے ایک دوسرے کے ساتھ نکاح درست ہے، البتہ بہتر یہ ہے کہ احتیاط کی جائے۔

    (۴) اس سے بھی احتیاط کرنی چاہیے۔

    (۵) اذان واقامت صحیح ہوجائے گی،مگر مکروہ ہوگی۔

    (۶) نماز تراویح ہو یا پنجگانہ فرض نمازہو، ان کی امامت مکروہ ہے۔ ویسے نماز ہوجائے گی۔

    (۷) غیر علماء کو ان کی کتابوں کے مطالعہ سے احتراز کرنا چاہیے، بہت ممکن ہے کوئی غلط بات ان کے ذہن میں بیٹھ جائے اور وہ ان کی گمراہی کا باعث بن جائے۔

    (۸) وہ کہتے یہی ہیں مگر ان کی تحریرات سے پتہ چلتا ہے کہ وہ بالکل آزاد اور اپنی عقل کے تابع ہیں، شریعت کے تابع نہیں۔

    (۹) جہاں تک ہماری معلومات ہے وہ کسی درسگاہ سے باقاعدہ فاضل عالم نہ تھے۔

    (۱۰) احتیاط کرنی چاہیے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند