• عبادات >> احکام میت

    سوال نمبر: 61821

    عنوان: میت کو فریزر یعنی بجلی کے ذریعے ٹھنڈا رہنے والا باکس جس میں میت پوری طرح برف بن جاتی ہے رکھنا جائز ہے یا نہیں۔

    سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین درجہ ذیل مسئلہ میں کہ جب کسی مسلمان مرد یا عورت کی میت ہو جاتی ہے تو کسی رشتہ دار کے دیدار کے لئے آنے میں تاخیر کی وجہ سے اس میت کو فریزر یعنی بجلی کے ذریعے ٹھنڈا رہنے والا باکس جس میں میت پوری طرح برف بن جاتی ہے رکھنا جائز ہے یا نہیں۔ یا عفونت یا میت کے پھول جانے کی ڈر سے اسی طرح چہرہ کالا پڑجانے کے خوف سے رکھنا جائز ہے یا نہیں۔ براہ کرم قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب عطا فرمائیں۔

    جواب نمبر: 61821

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1241-1254/H=12/1436-U جب تدفین تکفین وغیرہ کا انتظام مکمل ہوجائے تو جلد سے جلد غسل دلاکر نماز جنازہ پڑھ کر دفن کردینا چاہیے کسی رشتہ دار کے دیدار کی خاطر تدفین میں تاخیر کرنا مکروہ ہے، تاہم باوجود کراہت کے اگر تاخیر ہوہی جائے تو بقدرِ ضرورت ٹھنڈ (فریزر وغیرہ) میں رکھنا درست ہے، اتنی تیز ٹھنڈک کہ جس سے میتت مثل برف کے ہوجائے بلاضرورت ہے جو کراہت سے خالی نہیں۔ حاصل یہ کہ عفونت، پھولنے اور چہرہ کالا ہونے سے بچانے کی خاطر جس قدر ٹھنڈ میں رکھنے کی ضرورت ہے اتنی مقدار میں رکھنے کی اجازت ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند