• عبادات >> احکام میت

    سوال نمبر: 53420

    عنوان: براہ کرم مردہ کو نہلانے کا طریقہ بتائیں؟

    سوال: براہ کرم مردہ کو نہلانے کا طریقہ بتائیں؟

    جواب نمبر: 53420

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 893-704/D=8/1435-U ایک متوسط سائز کی بالٹی کے بقدر پانی میں بیری کی پتی ڈال کر پانی پکالیا جائے پھر اس میں ٹھنڈا پانی ملاکر دو بالٹی میں رکھ لیا جائے، نہلانے کے تختہ کو تین بار لوبان کی دھونی دیدی جائے، پھر میت کو (نہلانے کے) تختہ پر اس رُخ پر لٹال دیا جائے جیسا کہ قبر میں لٹالتے ہیں، بدن کے کپڑے کرتا بنیائن وغیرہ قینچی سے کاٹ کر نکال لیا جائے، پھر ستر پر تہبند ڈال کر اندر ہی اندر پائجامہ وغیرہ اتارلیا جائے، پیٹ پر آہستہ آہستہ ہاتھ پھیرو، نجاست نکلے یا نہ نکلے دونوں صورت میں تین یا پانچ ڈھیلوں سے استنجا کرو، پھر پانی سے استنجاء کرو مگر ہاتھ میں دستانہ یعنی تھیلی پہن لو، بلاتھیلی ستر پر ہاتھ لگانا جائز نہیں ہے، پھر روئی کا پھایہ تر کرکے ہونٹوں اور دانتوں پرپھیر کر پھینک دو، اسی طرح تین مرتبہ کرو، اسی طرح تین مرتبہ ناک اور رخساروں پر پھیرو، پھر منھ اور ناک اورکانوں میں روئی رکھ دو کہ پانی نہ جائے، پھر سر اور ڈاڑھی کو گل خیرو یا صابن سے دھودو، پھر وضو کراوٴ، اول میت کا منھ دھووٴ،پھر کہنیوں تک دونوں ہاتھ پہر سر کا مسح پھر دونوں پاوٴں دھودو، پھر سارے بدن پر پانی بہاوٴ، پھر بائیں کروٹ پر لٹال کر پانی بہاوٴ، پھر داہنی کروٹ پر کافور ملاپانی تین مرتبہ بہادو، پھر دوسرا دستانہ پہن کر بدن کو صاف کردو، اور تہبند دوسرا بدل دو پھر چارپائی یا تخت یا زمین پر اول لفافہ اس پر ازار پھر اس پر نیچے کا حصہ قمیص کا بچھاوٴ باقی اوپری حصہ کو سمیٹ کر سرہانے کی طرف کردو، پھر مردہ کو تختہ سے آہستگی کے ساتھ اٹھاکر اس پر لٹاوٴ اور قمیص کے حصہ کو سر کی طرف سے الٹ دو کہ گلے میں آجائے اور پیروں کی طرف بڑھادو اور تہبند نکال دو اور کافور سر اور داڑھی اور سجدہ کے موقعوں پر (پیشانی ناک دونوں ہتھیلی دونوں کہنی دونوں پنجے) مل دو، پھر ازار کا بایاں پلہ لپیٹ کر اس کے اوپر دایاں پلہ لپیٹ دو اور لفافہ کو بھی ایسا ہی کرو اور ایک کتّر لے کر سرہانے اور پائینتی چادر کے گوشہ چن کر باندھ دو۔ (اختری بہشتی زیور: ص۷۷ حصہ دوم)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند