• عبادات >> احکام میت

    سوال نمبر: 169922

    عنوان: نماز جنازہ پڑھانے كا حقدار کون ہے؟

    سوال: سوال یہ ہے کہ جنازے کی نماز پڑھانے کاحقدار کون ہیں اوراگر میت ولی موجود ہو وہ غیر عالم ہو صرف تبلیغی جماعت کا ساتھی ہو یا محض نماز جنازہ کو پڑھانا جانتا ہو تو قاضی یا محلہ کے امام موجود رہنے کی صورت میں ولی غیر عالم کا نماز جنازہ کے لئے آگے بڑھنا کیسا ہے ؟ اور اگر میت کے اولیاء یا اقارب میں سے کوئی عالم ہو تو آگے بڑھ کر نماز جنازہ پڑھانا کیسا ہے ؟ جواب مرحمت فرمائیں حوالے کے ساتھ۔

    جواب نمبر: 169922

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:689-649/sd=8/1440

     نماز جنازہ پڑھانے کے استحقاق کے سلسلے میں ولی میت امام محلہ سے مقدم ہے، لہذا محلہ کے امام کی موجودگی میں ولی نماز جنازہ پڑھانے کا استحقاق رکھتا ہے؛ البتہ اگر امام مسجد صالح دین دار اور ولی سے افضل ہو تو بہتر یہ ہے کہ ولی خود امام سے پڑھانے کی درخواست کرے: ان تقدیم الوُلاة واجب، وتقدیم إمام الحی مندوب، فقط بشرط أن یکون أفضل من الولی، وإلاّ فالولی أولی کما فی المجتبی۔( الدر المختار) اگر میت کے رشتے داروں میں بھائی، بیٹا اور باپ سبھی موجود ہوں تو باپ کو زیادہ حق ہے، خواہ دوسرا کوئی قریبی عالم موجود ہو۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند