• عبادات >> احکام میت

    سوال نمبر: 148177

    عنوان: چھوٹے بچے کے انتقال کے بعد کیا رشتہ دار تین دن تک کھانا لاسکتے ہیں؟

    سوال: چھوٹے بچے یا بچی کا انتقال ہو جائے تو گھر کے رشتہ داروں کے وہاں سے تین دن تک کھانا آتا ہے بطور سوگ کے، ہمارے گھر ۹/ مہینے کی بچی کا انتقال ہو گیا ہے، تو کیا تین دن تک رشتہ دار کھانا لاسکتے ہیں یا نہیں؟ کیونکہ بچی صرف ۹/ مہینے کی تھی، شریعت میں اس کی کیا حقیقت ہے؟

    جواب نمبر: 148177

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 474-537/SN=5/1438

    جس گھر میں کسی کا انتقال ہو جاتا ہے اس گھر والے چوں کہ غم میں ہوتے ہیں؛ اس لیے پڑوسیوں اور دور کے رشتے داروں کے لیے مستحب ہے کہ ایک دن ایک رات کا کھانا تیار کرکے میت والوں کے یہاں بھیجیں اور اگروہ غم کی وجہ سے نہ کھاتے ہوں تو اصرار کرکے انہیں کھلائیں، جب حضرت جعفر رضی اللہ عنہ کی شہادت کی خبر آئی تھی اس وقت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا کہ جعفر کے گھر والوں کے لیے کھانا تیار کیا جائے (کیونکہ) وہ اس اطلاع کی وجہ سے ایسے حال میں ہیں کہ کھانا تیار کرنے کی طرف توجہ نہ کرسکیں گے۔ (احکامِ میت: ۸۷، ط: کراچی) اس لیے ایک دن یا ایک رات تک کھانا اہلِ میت کے یہاں بھیجنا چاہئے؛ یہی مستحب ہے۔ بہ طور رسم تین روز تک کھانا بھیجنا اور اسے ضروری خیال کرنا یہ قابلِ ترک ہے۔ 


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند