• عبادات >> احکام میت

    سوال نمبر: 145317

    عنوان: عام راستے پر جنازہ کی نماز پڑھنا؟

    سوال: میرا سوال یہ ہے کہ ایسی جگہ نماز جنازہ ادا کرنا جو ایک عام راستہ ہی نہیں بلکہ مصروف ترین سڑک بھی ہے کیسا ہے ؟ حالانکہ نماز جنازہ ادا کر نے کیلئے متبادل جگہ موجود ہے ۔ عموماً ہوتا یہ ہے کہ نماز ادا کرنے والے نماز ادا کرکے چلے جاتے ہیں لیکن اس سے راہگیروں اور سواریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور بعض دفع گھنٹوں ٹریفک جام کی نوعبت آ جاتی ہے ۔ اس کے جواز میں بعض علماء یہ کہتے ہیں کہ دیگر اقوام کے عمل سے ہمیں بھی تو تکلیف ہوتی ہے، اس لئے اس میں کوئی حرج نہیں ہے ۔ تو کیا متبادل جگہ موجود رہتے ہوئے عام راستے پر نماز جنازہ ادا کرنا جائز ہے ؟

    جواب نمبر: 145317

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 012-082/SN=2/1438

     

    فقہاء نے تصریح کی ہے کہ راستے پر نمازِ جنازہ ادا کرنا مکروہ ہے۔ وکرہت تحریماً وقیل تنزیہا فی مسجد جماعة (درمختار) وقال الشامی: أي المسجد الجامع ․․․․ وتکرہ أیضاً فی الشارع وأرض الناس کما فی الفتاوی الہندیة عن المضمرات الخ (درمختار مع الشامی: ۳/۱۲۶، ط: زکریا)؛ اس لیے عام سڑک پر نمازِ جنازہ نہیں ادا کرنی چاہئے اور متبادل جگہ کے ہوتے ہوئے ایسا کرنا تو اور بھی برا ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند