• عقائد و ایمانیات >> دعوت و تبلیغ

    سوال نمبر: 37270

    عنوان: كیا غیرمسلموں كو دعوت دینے كا نظم ہے؟

    سوال: مجھے جاننا تھا کہ کیا حال یا ماضی میں دارالعلوم دیوبند میں کوئی ایسی خصوصی علماء کرام کی جماعت موجود ہے یا ایسا کوئی فلٹ فارم ہے جس میں غیر مسلموں کو اسلام کی دعوت دی جاتی ہو ؟ اگر ہے اس کی تففصیل بتائیں ۔ اگر نہیں ہے تو اس کی کیا وجہ ہے؟

    جواب نمبر: 37270

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(ھ): 515=293-3/1433 حضراتِ اکابر علمائے دیوبند رحمہم اللہ تعالیٰ نے بھی غیرمسلموں میں اسلام کی دعوت پیش کرنے کی خاطر مدلل کتب تصنیف فرمائیں ہیں، مثلاً ”اشاعت اسلام یعنی دنیا میں اسلام کیوں کر پھیلا؟“ (ب) اسلام کیا ہے؟ (مصنفہ حضرت مولانا محمد منظور صاحب نعمانی رحمہ اللہ) وغیرہ اورابھی حال ہی میں کچھ عرصہ قبل دہشت گرد مخالف کانفرنس کے عنوان سے ایک کانفرنس کا انعقاد دارالعلوم دیوبند میں ہوا تھا، جس میں کچھ کتابیں اور رسائل محاسنِ اسلام اور غیرمسلموں کے ساتھ حسن اخلاق کے برتاوٴ اور رواداری سے متعلق اسلامی ہدایات کیا ہیں؟ اس موضوع پر بھی بھی لکھ کر چھپواکر غیرمسلموں تک بھی پہنچانے کی سعی کی گئی ہے، دارالعلوم دیوبند کے دروازے ہمیشہ غیرمسلموں کے لیے بھی کھلے رہتے ہیں، وہ جو کچھ سمجھنا چاہیں اس میں ان کے لیے موانعات نہیں ہیں اور بہت سے غیرمسلم اپنے شکوک وشبہات رفع کرتے بھی رہتے ہیں، دارالعلوم دیوبند میں قرآن کریم ، حدیث شریف فقہ وتفسیر کے اسباق میں اگرچہ اصالةً مخاطب تو طلبہٴ کرام ہی ہوتے ہیں تاہم مسلم غیرمسلم میں سے کوئی آکر درس میں بیٹھ کر استفادہ کرنا چاہے تو ذراسی بھی رکاوٹ نہیں ہے، الغرض دارالعلوم دیوبند غیرمسلموں تک ایمان واسلام کی روشنی پہنچانے میں اور ان کے شکوک وشبہات کے ازالہ یا دفع تلبیسات میں کبھی غافل نہیں رہا، البتہ اس موضوع کو ہائی لائٹ کرتے ہوئے دعوتی کام کو ظاہر وباہر کرکے اپنے تفوق کو پسند نہیں کرتا او رموجودہ حالات میں غالباً یہی بہتر ہے کہ عامةً اِس کے خلاف میں شور وہنگامہ تو بہت ہوجاتا ہے اور اصل کام کی سطح گھٹ جاتی ہے، بلکہ بعض مرتبہ اصل کام معدوم ہی ہوکر رہ جاتا ہے اور اگر کہا جائے کہ بعض دفعہ بجائے نفع کے نقصان ہوجاتا ہے تو شاید غلط نہ ہو۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند