• عقائد و ایمانیات >> دعوت و تبلیغ

    سوال نمبر: 1898

    عنوان: جو لوگوں کو تبلیغی جماعت سے بد دل کرے اس آدمی کے بارے میں کیا حکم ہے؟

    سوال: اس آدمی کے بارے میں شریعت کیا کہتی ہے جو لوگوں کو تبلیغی جماعت سے بد دل کرے؟ اس طرح کی جماعت میں جانے سے کیا فائدہ؟ کیا حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے دور میں چلہ یا چار مہنیے لگائے جاتے تھے ؟ نیز اگر ہم آپ سے پوچھیں کہ ہم کو تبلیغی جماعت کے بارے میں کیا عقید ہ رکھنا چا ہئے تو آپ شریعت کی روشنی میں کیا مشورہ دیں گے؟

    جواب نمبر: 1898

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1584/ ھ= 302/ تھ

     

    (۱) اگر کوئی شخص اپنے آپ کو سب سے بڑا عقلمند سمجھتا ہو اور وہ یہ دعویٰ کے کہ جس طرح آج کل حجاج جاتے ہیں اس طرح حج کو جانے سے کیا فائدہ؟ حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے دور میں تو ہوائی جہازوں سے حج کرنے نہ جایا کرتے تھے تو ایسے عقلمندوں سے یہی کہا جائے گا کہ ہوائی جہاز مقصود بالذات نہیں ہے بلکہ یہ صرف امر انتظامی کے قبیل سے ہے اور تحصیل مقاصد کی خاطر امور انتظام میں سے کسی بھی جائز چیز کو اختیار کرلیا جائے تو شریعت اس میں مانع نہیں ہوتی۔ اسی طرح چلہ چار ماہ وغیرہ امور و اوقات انتظام سے متعلق امور ہیں یہ مقاصد اصلیہ نہیں ہیں آج کل مدارس میں عموماً چھ گھنٹے روزانہ تعلیم ہوتی ہے اس سے کم و بیش اوقات بھی مقرر ہیں کسا اس نظام کو یہ کہہ کر ختم کرنا درست ہے کہ اس سے کیا فائدہ؟ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے دور میں تو یہ انتظام نہیں تھا۔ رہا اس کا فائدہ وہ نمبر ۲ کے تحت آتا ہے۔

    (۲) اہل حق حقیقی اہل سنت والجماعت کی ایک جماعت ہے جو دین میں پختگی اور مشق کی خاطر جد و جہد محنت و مشقت کرتی ہے اورعموماً موٹی موٹی چھ باتوں کو عملی زندگی میں جاری کرنے ان کو پھیلانے کے لیے حسب توفیق وقت لگاتے ہیں، اپنا کھانا خرچہ نکلنے والے خود برداشت کرتے ہیں اور جو چھ باتیں اختیار کی گئی ہیں وہ قرآن کریم حدیث شریف سے ثابت ہیں اور وہ ایسی مضبوط و مستحکم ہیں کہ ان میں کسی کا اختلاف نہیں، اس جماعت کے فوائد میں سے چند مختصراً یہ فائدے ہیں چونکہ یہ جماعت گاوٴں شہر، قصبات، منیٰ، عرفات، حرمین شریفین نیز دور دراز ملکوں میں کام کرتی ہے، اس کی مساعی جمیلہ اخلاص و للہیت اصول کی پابندی کی برکت سے مسلمانوں کی بڑی تعداد نمازی بن گئی روزہ رکھنے لگی زکوة باقاعدہ ادا کرنے لگی صحیح طریق پر حج کرنے لگی، ایک دوسرے کے حقوق کی ادائیگی کی فکر پیدا ہوگئی، بڑی تعداد نے پورا علم دین حاصل کیا خلاف سنت کاموں کو بہت سے لوگوں نے چھوڑدیا، بہت سے مسلمانوں میں دینی پختگی پیدا ہوگئی وغیرہ وغیرہ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند