• عقائد و ایمانیات >> دعوت و تبلیغ

    سوال نمبر: 149331

    عنوان: مسلمانوں یا غیر مسلموں میں اسلام کی تبلیغ

    سوال: ہم مسلمانوں پر کونسی تبلیغ فرض ہے جس کے بارے میں ہم سے باز پرس ہوگی ۔مسلمانوں میں تبلیغ جو کہ آجکل تبلیغی جماعت کے لوگ کرتے ہیں یا غیر مسلموں میں جس کو کچھ چنندہ لوگ ہی کرتے ہیں؟

    جواب نمبر: 149331

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 912-836/Sn=8/1438

    آج کل ”تبلیغی جماعت“ جو ایک خاص ترتیب کے ساتھ چلائی جارہی ہے، یہ مدارس اور مکاتب کی طرح دین سیکھنے اور سکھانے کا ایک ذریعہ ہے، اس ترتیب کے ساتھ جماعت میں نکلنے کو فرض یا واجب کے ساتھ متصف نہیں کیا جاسکتا؛ ہاں بہ قدر ضرورت دیکھنا سیکھنا فرض ہے، اس کے لیے آدمی کوئی بھی طریقہ حسب سہولت اختیار کرسکتا ہے؛ ہاں آیاتِ کریمہ اور احادیثِ نبویہ سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ مطلق یعنی کسی ہیئت کی تخصیص کے بغیر نہی عن المنکر یعنی بھلائی کا حکم دینا اور برائی سے روکنا امت کے ہرفرد پر لازم ہے؛ البتہ تمام احکام شرعیہ کی طرح اس میں بھی ہرشخص کی قدرت واستطاعت پر احکام جاری ہوں گے، جن کو جتنی قدرت ہو اتنا ہی یہ فریضہ یعنی امر بالمعروف اور نہی عن المنکر اس پر عائد ہوگا، اور قدرت میں یہ بھی شامل ہے کہ آدمی کو معروف کا معروف ہونا اور منکر کا منکر ہونا معلوم ہو۔ اس سے متعلق مزید تفصیل کے لیے معارف القرآن: ۲/۱۳۶تا ۱۴۴، ط: نعیمیہ کا مطالعہ کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند