• عقائد و ایمانیات >> دعوت و تبلیغ

    سوال نمبر: 11631

    عنوان:

    برائے کرم میری رہنمائی فرمائیں میں زنا کی لعنت میں مبتلا ہوں روز توبہ کررہا ہوں لیکن اصلاح نہیں ہورہی ہے۔ برائے کرم مجھے کوئی وظیفہ بتائیں میں دعا گو رہوں گا۔ اب میں اسلام سے بہت دور ہوتا جارہا ہوں۔

    سوال:

    برائے کرم میری رہنمائی فرمائیں میں زنا کی لعنت میں مبتلا ہوں روز توبہ کررہا ہوں لیکن اصلاح نہیں ہورہی ہے۔ برائے کرم مجھے کوئی وظیفہ بتائیں میں دعا گو رہوں گا۔ اب میں اسلام سے بہت دور ہوتا جارہا ہوں۔

    جواب نمبر: 11631

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 501=415/د

     

    واقعی گناہ کی وجہ سے دل سیاہ ہوتا چلا جاتا ہے اور زنا تو بدترین گناہ ہے، آپ اس سے بچنے کے لیے اللہ تعالیٰ سے توفیق مانکیں اور خود ہمت اور پختہ ارادہ سے کام لیں، ان شاء اللہ یہ لعنت آپ سے دور ہوجائے گی۔

    اس کی برائی دل میں سوچیں، اس گناہ کے انجام بد دنیا اور آخرت کی رسوائی کے سامنے خوب خوب روئیں توبہ واستغفار کریں، آئندہ کے لیے عہد کریں کہ اب یہ گناہ نہ کروں گا۔ جن سے ناجائز تعلق ہے ان کے پاس جانا ان سے بولنا بات کرنا سامنے آنا، سب چھوڑدیں، بالکل پردہ کرنے لگیں۔ کبھی شیطان کے بہکائے اور اس کا خیال آئے تو دل سے استغفار پڑھنے لگیں، دھیان اس کے خیال سے ہٹالیں۔ اور روز انہ سونے سے پہلے تھوڑی دیر دن بھر کے اعمال کا جائزہ لیں، سوچیں جو اچھے (نیک کے) کام ہوئے ان پر شکر ادا کریں جو برائی کے کام ہوئے ہیں ان سے توبہ کریں۔ قبر میں دفن ہونے، منکر نکیر کے سوال جواب کا تصور کریں۔ عذاب قبر میدان محشر کی پیشی کا تصور کریں۔ غرض ہروقت فکر آخرت کو غالب کرلیں اور اعمال صالحہ کی پابندی کرنے لگیں، گناہ کا خیال آئے تو دھیان ادھر سے ہٹالیں، ان شاء اللہ چند دن اس کی پابندی کریں گے خود بخود دل کی حالت بدلنی شروع ہوجائے گی، اور آپ نمایاں تبدیلی محسوس کریں گے۔ لیکن پھر بھی دھوکہ میں نہ پڑئیے گا اور فکر آخرت اور اعمال صالحہ کی پابندی سے کسی وقت بھی غفلت نہ برتیے گا۔ نماز پنج گانہ کی پابندی کے ساتھ ایک تسبیح استغفار کی صبح اور ایک تسبیح شام پڑھ لیا کریں۔ اَسْتَغْفِرُ اللّٰہَ رَبِّْ مِنْ کُلِّ ذَنْبٍ وَاَتُوْبُ اِلَیْہِ


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند