• معاملات >> بیع و تجارت

    سوال نمبر: 69490

    عنوان: تشہیر کے لئے ایسے پروگرام کو اسپانسر کرنا جس میں خاتون ہو

    سوال: ہماری ایک کمپنی ہے جس میں مختلف اقسام کے کھانوں اور ڈشوں کے لئے مصالحے تیار کئے جاتے ہیں ، آج تشہیر کاروبار کو پھیلانے کا ایک اہم ذریعہ ہے جس کے بغیر لوگ پروڈکٹ خریدنے کی طرف مائل نہیں ہوتے ۔ کمپنیوں کی طرف اپنی پروڈکٹ کی تشہیر کے سلسلے میں مختلف طریقے اور ذرائع اختیار کئے جاتے ہیں جن میں ایک طریقہ کسی مقبول اور اچھے پروگرام کو اسپانسر کرنا بھی ہے ، چونکہ سوشل میڈیا روز بروز بڑھتا جارہا ہے ، کمپنیاں اس میں بھی اپنی اپنی پروڈکٹ کی تشہیر کرتیں ہیں۔ اس حوالے سے ہماری کمپنی بھی پروگرام اسپانسر کرنا چاہتی ہے ۔ ایک ماہر شیف خاتون ہیں جو ویڈیو کے ذریعے لوگوں کو مختلف ڈشوں کی تراکیب اور بنانے کا طریقہ بتاتی ہیں وہ خاتون پردہ یا حجاب وغیرہ میں نہیں ہوتیں۔ اس میں ترتیب یہ ہوگی کہ ان کا پروگرام اپنے طریقہ کار کے مطابق چلتا رہے گا ، ہمارے اسپانسر کرنے پر صرف اتنا ہوگا کہ وہ پروگرام کی ویڈیو میں ہمارا لوگو شامل کریں گی اور آخر میں کمپنی کا نام لیں گی ۔ گویا یہ کمپنی کی مارکیٹنگ کا ایک طریقہ ہے ۔ اس صورتحال کے پیشِ نظر درج ذیل مسئلہ میں شرعی رہنمائی درکار ہے کہ کیا ہمارے لئے اس طرح کے پروگرام اسپانسر کرنا جائز یا نہیں؟ براہِ کرم جواب دیکر ممنون فرمائیں۔

    جواب نمبر: 69490

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1143-1232/SN37=1/1438
    تشہیر کے لیے اس طرح کے پروگرام کو اسپانسر (کفالت) کرنا شرعاً جائز نہیں؛ اس لیے کہ اسپانسر کرنے کی صورت میں اس پروگرام کی نسبت کمپنی (اسپانسر) کی طرف ہوگی اور ظاہر ہے کہ یہ ایک ناجائز طریقہٴ تشہیر کو فروغ دینا ہے جس کی شرعاً اجازت نہیں ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند