• معاملات >> بیع و تجارت

    سوال نمبر: 58939

    عنوان: قسطوں پر پلاٹ کی خریداری کی صورت میں زکاۃ کی تفصیل

    سوال: ایک شخص قسطوں پر پلاٹ خریدرہاہے ،قسطیں مکمل ہونے پر پلاٹ اسکے نام الاٹ ہوگا ،فی الحال اسے اس ہاوسنگ سکیم کی جانب سے ایک انرفار میشن لیٹر ملاہے جس سے اسے اطلاع دی گئی ہے کہ فلاں پلاٹ آپ کے نام نامزدہے ۔یہ شخص قسطیں اداکررہاہے اور پلاٹ بیچنے کی نیت سے خرید رہاہے ۔قسطیں مکمل ہونے پر اسے پلاٹ پر تعمیر کااختیارہوگا۔ اب پوچھنایہ ہے جوقسطیں اس نے اداکردی ہیں ان پر اسکے ذمے زکاة ہے یانہیں؟نیز یہ فرمائیں کہ قسطوں کی ادائیگی مکمل ہونے سے پہلے پلاٹ پر اسکے ذمے زکاة ہے یانہیں؟یہ واضح رہے کہ انفارمیشن لیٹر مارکیٹ میں اچھے خاصے نفع پر بکتاہے ۔جزاکم اللہ خیرا

    جواب نمبر: 58939

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 773-773/M=7/1436-U اس شخص نے جو قسطیں ادا کردی ہیں ان پر اس کے ذمے زکاة نہیں ہے، ہاں ان روپیوں کو ادا کرنے سے پہلے اگر ان کی زکاة اس کے ذمے واجب تھی اور ادا نہیں کیا تھا تو اس کو ادا کرنا ضروری ہے، صورت مسئولہ میں اگر پلاٹ کی بیع تام ہوگئی ہے اور اس شخص نے اس کو بیچنے کی نیت سے خریدا ہے تو حسب شرائط وجوب اس پر زکاة کا حکم ہوگا۔ الزکاة واجبة في عروض التجارة کائنة ما کانت إذا بلغت قیمتہا نصابا من الورق والذہب، کذا في الہدایة (الفتاوی الہندیة: ج۱ ص۱۷۹)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند