• معاملات >> بیع و تجارت

    سوال نمبر: 145896

    عنوان: آن لائن خریداری پر خیار رؤیت؟

    سوال: آن لائن کپڑا خریدنے کی صورت میں صرف تصویر دیکھ کر کپڑا خرید لیا جاتاہے ، جب کپڑا کورئیر سروس کے ذریعے وصول ہو جائے اور مشتری کو پسند نہ آئے تو کیا واپس کرنے کا اختیار ہو گا؟ نیز واپسی کورئیر سروس کے چارجز کس کے ذمہ ہوں گے ؟ بائع کے یا مشتری کے ؟

    جواب نمبر: 145896

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 109-89/N=2/1438

    (۱، ۲): آن لائن کپڑے کی خریداری میں مشتری نے نیٹ پر کپڑے کی تصویر دیکھی اور کپڑا خریدلیا تو مشتری کو جب کوریئر سروس سے یا بائع کے پہنچانے سے یا کسی اور طرح کپڑا وصول ہوگا تو اسے خیار رویت حاصل ہوگا، یعنی: مشتری کو کپڑا دیکھنے کے بعد پسند نہ آنے کی وجہ سے کپڑا واپس کرنے کا اختیار ہوگا؛ کیوں کہ کپڑے کا فوٹو وغیرہ دیکھنے سے اگرچہ ایک حد تک مبیع کی کیفیت معلوم ہوجاتی ہے؛لیکن یہ عین شی کا دیکھنا نہیں ہے؛ البتہ واپسی کوریئر سروس کا چارج مشتری کے ذمہ ہوگا، بائع کے ذمہ نہ ہوگا۔ لا - یکفي- روٴیة دھن في زجاج لوجود الحائل (الدر المختار مع رد المحتار، کتاب البیوع، باب خیار الروٴیة، ۷: ۱۵۹، ط: مکتبة زکریا دیوبند)، قولہ:”لوجود الحائل“:فھو لم یر الدھن حقیقة، وفی التحفة: لو نظر فی المرآة فرأی المبیع، قالوا: لا یسقط خیارہ؛ لأنہ ما رأی عینہ بل مثالہ (رد المحتار)، من اشتری شیئاً لم یرہ فلہ الخیار إذا رآہ إن شاء أخذہ بجمیع الثمن وإن شاء ردہ سواء رآہ علی الصفة التي وصفت لہ أو علی خلافھا کذا في فتح القدیر (الفتاوی الھندیة، کتاب البیوع، الباب السابع في خیار الروٴیة ۳:،۵۷، ۵۸، ط: مکتبة زکریا دیوبند)، ولو رأی ما اشتراہ من وراء زجاجة أو في مرآة أو کان المبیع علی شفا حوض فنظرہ فی الماء فلیس ذلک بروٴیة وھو علی خیارہ کذا فی السراج الوھاج (المصدر السابق، ص ۶۳)، وموٴونة رد المبیع بعیب أو بخیار شرط أو روٴیة علی المشتری (المصدر السابق ، ص: ۶۱، ورد المحتار، ۷: ۱۵۱عن البحر عن جامع الفصولین)۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند